Time 19 اگست ، 2024
پاکستان

سکھر میں کتنی بارش ہوئی؟ میئر اور محکمہ موسمیات کے بیانات نے تنازع کھڑا کردیا

سکھر میں کتنی بارش ہوئی؟ میئر اور محکمہ موسمیات کے بیانات نے تنازع کھڑا کردیا
سکھر میں 77 سال کی بارش کی تاریخ کاریکارڈ ٹوٹنے کا دعویٰ غلط ہے: میٹرولوجسٹ انجم نذیر/ فوٹو سوشل میڈیا

سکھر میں گزشتہ روز ہونے والی بارش کے اعداد و شمار پر میئر اور محکمہ موسمیات آمنے سامنے آگئے۔

 میئر سکھر ارسلان شیخ نے گزشتہ روز سکھر میں 300 ملی میٹر بارش برسنے کا دعویٰ کیا تھا تاہم اب محکمہ موسمیات کے میٹرولوجسٹ انجم نذیر نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ سکھر میں 77 سال کی بارش کی تاریخ کاریکارڈ ٹوٹنے کا دعویٰ غلط ہے۔

انجم نذیر کے مطابق  2002 سے 2003 کے دوران سندھ کے ہر تعلقہ میں رینج گیجز کی تنصیب ہوئی، ہر  تعلقہ انچارج کو ہر ماہ محکمہ موسمیات کو  رپورٹ کرنے کا ذمہ دار بنایا گیا تھا لیکن ریونیو آفیسرز کے مسلسل ٹرانسفر کی وجہ سے رینج گیجز کا ریکارڈ صحیح طورپرمرتب نہیں کیاجاسکا، رین گیجز پر ریکارڈ بارش متعلقہ تعلقہ کی تو ہوسکتی ہے پورے سکھر کی نہیں، نئے آنے والے ریونیو آفیسرز کی تربیت نہ ہونے کے باعث انہیں رین گیج کا استعمال نہیں آتا۔

سکھر میں 77 سال کی بارش کی تاریخ کاریکارڈ ٹوٹنے کا دعویٰ غلط ہے : میٹرولوجسٹ انجم نذیر

انجم نذیر کا بتانا ہے کہ رین گیجز کامرتب کردہ ریکارڈ عالمی معیار کے مطابق تسلیم نہیں کیا جاتا، بین الاقوامی معیار کے مطابق صرف آبزرویٹری کا ریکارڈ مستند ہوتا ہے، سکھر آبزرویٹری 1997 میں قائم کی گئی،کسی بھی آبزرویٹری کا 30 سال کا ریکارڈ بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا جاتا ہے، سکھر آبزرویٹری کو قائم ہوئے صرف 27 سال ہوئے ہیں، محکمہ موسمیات عالمی موسمیاتی ادارے کے معیار کے مطابق بارش کا ریکارڈ مرتب کرتا ہے۔

میٹرولوجسٹ نے بتایا کہ سکھر آبزرویٹری کے مطابق 10 ستمبر 2012 میں 24 گھنٹے میں 168.2ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، سکھر میں 4 اگست 2008 میں 92 ملی میٹر بارش ہوئی، سکھر میں گز شتہ روز کی 100 ملی میٹر بارش نے 2008 کی بارش کا کا ریکارڈ توڑا ہے۔

میئرسکھر ارسلان شیخ  کی جیو نیوز  سے گفتگو 

دوسری جانب میئر سکھر ارسلان شیخ نے جیونیوز سے گفتگو میں کہا کہ محکمہ موسمیات کی کارکردگی سے مایوسی ہوئی ہے، محکمہ موسمیات نےجون جولائی میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کی جو نہیں ہوئی، اس کے اعدادو شمار سیٹلائٹ سسٹم سے منسلک ہیں۔

محکمہ موسمیات نےجون جولائی میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کی جو نہیں ہوئی: میئر سکھر

انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات غیرملکی موسمیاتی رپورٹ سے اپنی رپورٹ تیار کرتا ہے، ہر تعلقہ میں بارش ریکارڈ کرنے کے پوائنٹس نصب ہیں، سکھر سٹی تعلقہ میں گزشتہ شام 4 بجے تک 292 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔

اسلان شیخ کا کہنا تھا کہ شہر کے متاثرہ95 فیصد حصوں سے پانی کی نکاسی کی جاچکی ہے  جب کہ قریشی گوٹھ اورریلوے اسٹیشن سے پانی جلد صاف ہوجائےگا۔

مزید خبریں :