Time 19 اگست ، 2024
پاکستان

نیا توشہ خانہ ریفرنس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور

نیا توشہ خانہ ریفرنس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور
احتساب عدالت اسلام آباد نے دونوں ملزمان کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ دیتے ہوئے انہیں اڈیالہ جیل میں رکھنے کا حکم دیا— فوٹو:فائل

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نئے توشہ خانہ ریفرنس میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا جوڈیشل ریمانڈ منظور کرلیا۔

اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے ریفرنس پر سماعت کی۔

عدالت میں ہونے والی سماعت میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 11 روزہ جسمانی ریمانڈکے بعد پیش کیا گیا۔

بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جانب سے ان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر پیش ہوئے جبکہ نیب کے پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

نیب نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا نہیں کی اور مؤقف اختیار کیا کہ عمران خان شامل تفتیش ہوگئے ہیں اور اپنے ہاتھ سے لکھا ہوا بیان تفتیشی ٹیم کے حوالے کر دیا ہے جبکہ بشریٰ بی بی نے بھی تحریری بیان نیب ٹیم کے حوالے کر دیا ہے۔

احتساب عدالت اسلام آباد نے دونوں ملزمان کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ دیتے ہوئے انہیں اڈیالہ جیل میں رکھنے کا حکم دیا۔

نئے توشہ خانہ ریفرنس میں دونوں ملزمان کو 2 ستمبر کو دوبارہ عدالت پیش کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کا مجموعی طور پر 34 روزہ جسمانی ریمانڈ ہوا تھا، جسمانی ریمانڈ کے دوران نیب کی تفتیشی ٹیم نے دونوں ملزمان سے اڈیالہ جیل میں ہی تفتیش مکمل کی۔

مزید خبریں :