Time 21 اگست ، 2024
کھیل

پنڈی ٹیسٹ کا پہلا دن ختم: پاکستان نے بنگلادیش کیخلاف 4 وکٹ پر 158 رنز بنالیے

پنڈی ٹیسٹ کا پہلا دن ختم: پاکستان نے بنگلادیش کیخلاف 4 وکٹ پر 158 رنز بنالیے
راولپنڈی میں آج صبح سویرے تیز بارش کے بعد گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث میچ ٹاس تاخیرکا شکار ہوا/فوٹوفائل

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے پہلے دن کھیل کے اختتام پر 4 وکٹ پر 158 رنز بنالیے۔

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا  پہلا میچ  آج راولپنڈی میں شروع ہوا۔

گرین شرٹس کی جانب سے میچ کا آغاز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے کیا تاہم عبد اللہ شفیق تیسرے اوور میں بنگلادیشی بولر حسن محمد کی گیند پر کیچ  آؤٹ ہوگئے، عبد اللہ شفیق نے 14 گیندوں پر 2 رنز بنائے اور پویلین لوٹ گئے۔

 قومی ٹیم کی دوسری وکٹ  14 رنز پر اس وقت گری جب کپتان شان مسعود 6 رنز بناکر لٹن داس کو کیچ دے بیٹھے اس کے بعد بابر اعظم  بھی صفر  پر ہی کیچ آؤٹ ہوگئے۔

16 رنز کے مجموعی اسکور پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد صائم ایوب اور سعود شکیل نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی اور 98 رنز کی شراکت داری قائم کی۔

لیکن پھر 114 کے مجموعی اسکور پر صائم ایوب 56 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ سعود شکیل نے بھی ففٹی مکمل کی۔

پہلے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے بنگلادیش کے خلاف 4 وکٹ پر 158 رنز بنالیے۔ سعود شکیل 57 اور محمد رضوان 24 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔

راولپنڈی میں آج صبح سویرے تیز بارش ہوئی جس کے بعد  گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث ٹاس تاخیرکا شکارہوا تھا۔اسی وجہ سے پہلے دن صرف 41 اوورز کا کھیل ہوسکا۔

واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم بنگلادیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں 4 فاسٹ بولرز کے  ساتھ میدان میں اتری ہے،کپتان شان مسعود پہلی مرتبہ ہوم سیریز میں ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔

پاکستان کی فائنل الیون میں کپتان شان مسعود، سعود شکیل، عبداللہ شفیق، بابراعظم، خرم شہزاد ، محمد علی، محمد رضوان، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان آغا اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

مزید خبریں :