Time 21 اگست ، 2024
دلچسپ و عجیب

دنیا کی معمر ترین شخصیت کا اعزاز پانے والی جاپانی خاتون کی لمبی زندگی کا راز کیا ہے؟

دنیا کی معمر ترین شخصیت کا اعزاز پانے والی جاپانی خاتون کی لمبی زندگی کا راز کیا ہے؟
ٹومیکو اٹوکا کی 116 ویں سالگرہ حال ہی میں منائی گئی تھی / اسکرین شاٹ

100 سال کی عمر تک کوہ پیمائی کرنے والی ایک خاتون اب دنیا کی معمر ترین شخصیت بن گئی ہیں۔

جاپان سے تعلق رکھنے والی 116 سالہ ٹومیکو اٹوکا کو گنیز ورلڈ ریکارڈز نے اس وقت حیات سب سے معمر شخصیت قرار دیا ہے۔

انہیں یہ اعزاز اس وقت ملا جب اسپین سے تعلق رکھنے والی ماریا برینیاس موریرا 19 اگست کو 117 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں۔

23 مئی 1908 میں پیدا ہونے والی ٹومیکو اٹوکا نے 20 سال کی عمر میں شادی کی اور 4 بچوں کی پرورش کی۔

جاپانی شہر Ashiya سے تعلق رکھنے والی خاتون نے دوسری جنگ عظیم کے دوران جنوبی کوریا میں اپنے شوہر کی ایک ٹیکسٹائل فیکٹری کا انتظام سنبھالا اور 1979 میں شوہر کی موت کے بعد سے مغربی جاپان کے خطے Nara Prefecture میں تنہا مقیم ہیں۔

وہاں انہیں کوہ پیمائی کا شوق ہوا اور انہوں نے وسطی جاپان میں واقع 3 ہزار بلند ماونٹ Ontake اور ماؤنٹ Nijo کو 2 بار سر کیا۔

100 سال کی عمر میں انہوں نے چھڑی کے سہارے کے بغیر Ashiya Shrine کے زینوں پر چڑھنے میں کامیابی حاصل کی۔

2019 میں وہ ایک نرسنگ ہوم میں منتقل ہوگئی تھیں اور اس وقت وہ خود چلنے کے قابل تھیں مگر اب وہ وہیل چیئر پر بیٹھی رہتی ہیں۔

وہ دسمبر 2023 میں جاپان کی معمر ترین شخصیت بن گئی تھیں۔

دنیا کی معمر ترین شخصیت کا اعزاز پانے والی جاپانی خاتون کی لمبی زندگی کا راز کیا ہے؟
ان کی پیدائش مئی 1908 میں ہوئی تھی / اسکرین شاٹ

وہ اب بھی Calpis نامی اپنا پسندیدہ مشروب ہر صبح پیتی ہیں اور بات چیت کرنے کے قابل ہیں، البتہ انہیں سننے میں کچھ مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔

انہیں میٹھا کھانا پسند ہے جبکہ ان کی سالگرہ ہر سال کافی دھوم دھام سے منائی جاتی ہیں۔

مئی 2024 میں ان کی 116 ویں سالگرہ منائی گئیں اور وہ اس عمر تک پہنچنے والی معلوم انسانی تاریخ کی 30 ویں شخصیت ہیں۔

انہوں نے اپنی لمبی زندگی کا راز جسمانی سرگرمیوں کو قرار دیا ہے۔

اپنی پوری زندگی وہ جسمانی طور پر کافی متحرک رہی ہیں۔

بچپن میں والی بال کھیلنے سے لے کر بڑھاپے میں کوہ پیمائی تک، انہیں جسمانی سرگرمیوں کا حصہ بننا پسند تھا۔

ماہرین کے مطابق ہر قسم کی جسمانی سرگرمیوں سے حیاتیاتی عمر میں کمی آتی ہے جبکہ کینسر، فالج، امراض قلب، ذیابیطس اور ہڈیوں کی کمزوری کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

اسی طرح جسمانی سرگرمیوں سے ڈپریشن سے بچنے میں مدد ملتی ہے جبکہ مسلز کا حجم بھی مستحکم رہتا ہے۔

مزید خبریں :