21 اگست ، 2024
واٹس ایپ کی جانب سے یوزر نیم فیچر کی تیاری پر کافی عرصے سے کام کیا جار ہا ہے اور ابھی یہ بیٹا (beta) ورژن میں بھی صارفین کو دستیاب نہیں۔
مگر میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ میں اس فیچر میں ایک دلچسپ اضافہ کیا گیا ہے۔
wabetainfo کی ایک رپورٹ میں اس بارے میں بتایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے نئے بیٹا ورژن میں یوزر نیم پن نامی فیچر دیکھنے میں آیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ یوزر نیم پن کے ذریعے آپ ایسے اجنبی افراد کو خود سے رابطہ کرنے سے روک سکیں گے جن سے ماضی میں کبھی چیٹ نہ ہوئی ہو۔
چاہے وہ اجنبی افراد آپ کے یوزر نیم سے واقف ہی کیوں نہ ہوں مگر یوزر نیم پن کے ذریعے انہیں روکنا آسان ہو جائے گا۔
یعنی یہ بہت کارآمد فیچر ہوگا جو اسپام میسجز کی روک تھام میں مؤثر ثابت ہوگا۔
یوزر نیم پن کم از کم 4 ہندسوں پر مشتمل ہوگی اور اسے جانے بغیر کسی اجنبی فرد سے رابطہ کرنا ممکن نہیں ہوگا۔
دوسری جانب جن افراد سے آپ ماضی میں رابطے میں رہ چکے ہوں گے، انہیں اس تبدیلی سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
اس سے قبل مختلف رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ یوزر نیم کے ذریعے آپ واٹس ایپ کو فون نمبر شیئر کیے بغیر بھی استعمال کرسکیں گے۔
جب کوئی صارف اپنا یوزر نیم تیار کرلے گا تو اس کا فون نمبر دیگر افراد کی نظروں سے اوجھل ہو جائے گا جس سے صارفین کی سکیورٹی زیادہ مضبوط ہوجائے گی۔
جب یوزر نیم کو پن سپورٹ کے ساتھ متعارف کرایا جائے گا تو یہ فیچر واٹس ایپ کو مکمل طور پر بدل دے گا۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ یہ فیچر ابھی بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے تو ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ کب تک تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔