21 اگست ، 2024
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے ضلعی انتظامیہ کا ترنول چوک پر جلسہ منسوخ کرنے کا فیصلہ مسترد کر دیا۔
پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد میں 22 اگست کو جلسے کا اعلان کر رکھا تھا ۔تاہم بدھ کو ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کے کل کے اسلام آباد جلسےکا این او سی منسوخ کر دیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ بنگلادیش کرکٹ ٹیم اسلام آباد میں ہے، اس حوالے سے شدید سکیورٹی تحفظات ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے انتظامیہ کا جلسہ منسوخ کرنے کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کل ترنول چوک پر جلسہ ہوگا اور ہرحال میں ہوگا۔
علی امین نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ جلسے کی این او سی عدالت نے دی تھی وہ کمشنر نےمعطل کر دی ہے، وفاقی حکومت کی فسطائیت، جبر اور غیر قانونی اقدامات کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے خیبرپختونخوا کے کارکنوں کو دن 3 بجے صوابی انٹرچینج پہنچنے کی ہدایت کی اور کہا کہ کل کا دن فیصلہ کن ہوگا ،جلسہ ثابت کرے گا کہ عوام کی طاقت زیادہ ہے یا مینڈیٹ چور حکومت کی۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ پختونخوا کے عوام کو صوابی سے میں لیڈ کروں گا، ہم ہر صورت میں یہ جلسہ کریں گے، یہ جلسہ ترنول چوک پر ہوگا، ہم ان کو بتائیں گے کہ بانی پی ٹی آئی ہمارا لیڈر ہے ۔