22 اگست ، 2024
پاکستان اداکارہ لائبہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے 9 سال کی عمر میں قرآن پاک حفظ کرلیا تھا۔
اداکارہ لائبہ خان کا ایک انٹرویو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں انہوں نے انکشاف کیا کہ ’میں حافظ قرآن ہوں ،7 سال کی عمر میں والدین کی خواہش پر حفظ شروع کیا تھا اور 9 سال کی عمر میں مکمل کرلیا‘ ۔
لائبہ نے بتایاکہ ’بچپن میں حفظ کی خواہش میری نہیں تھی لیکن امی کی خواہش پر حفظ کیا اور جب قرآن پاک پڑھنا شروع کیا تو دل لگ گیاچونکہ میری میموری بہت اچھی ہے لہٰذا 2 سال کے دوران ہی حفظ مکمل کرلیا‘ ۔
اداکارہ نے کہا کہ’ حفظ کے بعد میں نے اپنی پڑھائی کا دوبارہ آغاز کیا اور اسی وجہ سے مجھے 2 سال پیچھے کلاس 6th میں ایڈمیشن ملا اور میٹرک کرلیا ‘ ۔
شوبز میں آنے سے متعلق انہوں نے بتایا کہ ’میٹرک کے بعد میں اپنی امی کے ساتھ چھوٹی بہن اور اداکارہ ایمان کے ڈرامہ سیٹ پر چلی گئی تھی، اسی سیٹ پر کاسٹنگ ہیڈ نے مجھے ایکٹنگ کی آفر کی تھی جس پر میں نے پہلے انکار کردیا تھا لیکن پھر حامی بھرلی اسی دوران میں نے ایکٹنگ شروع کی اور پھر انٹر کرلیا‘۔
لائبہ خان نے مزید بتایا کہ ’چونکہ حافظ قرآن ہوں یہی وجہ ہے کہ شوبز کے آغاز میں والد کو ڈراموں میں آنا پسند نہیں تھا، والد بات نہیں کرتے تھے اور غصے میں رہتے تھے حتیٰ کہ ڈرامے بھی نہیں دیکھتے تھے، بابا کا کہنا تھا کہ میں نے چونکہ حفظ کیا ہے اس لیے مجھے شوبز میں نہیں آنا چاہیے‘۔
اداکارہ نے کہا کہ ’میرے دادا کو بھی ایکٹنگ کرنا نہیں پسند تھا لیکن والدہ کی سپورٹ نے سب کا رویہ تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کیا‘۔