22 اگست ، 2024
افریقی ملک بوٹسوانا میں ایک بہت بڑا ہیرا دریافت کیا گیا ہے۔
2492 قیراط کا یہ ہیرا کینیڈا کی ایک کان کن کمپنی Lucara ڈائمنڈ کارپوریشن نے دریافت کیا۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس قیمتی پتھر کو شمال مشرقی بوٹسوانا میں واقع Karowe نامی ہیروں کی کان سے نکالا گیا۔
البتہ کمپنی نے ہیرے کی قیمت یا اس کے معیار کے بارے میں تفصیلات نہیں بتائیں۔
یہ اب تک دریافت ہونے والا سب سے بڑا ہیرا تو نہیں مگر چند بڑے ہیروں میں سے ایک ضرور ہے۔
سب سے بڑا ہیرا 1905 میں جنوبی افریقا کی ایک کان سے دریافت کیا گیا تھا جو 3016 قیراط کا تھا جسے کولینن ڈائمنڈ کا نام دیا گیا۔
کولینن ڈائمنڈ اب برطانوی شاہی خاندان کی ملکیت میں ہے۔
کینیڈین کمپنی کے صدر ولیم لیمب نے بتایا کہ ہم اس حیرت انگیز 2492 قیراط کے ہیرے کی دریافت پر بہت خوش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ اب تک دریافت ہونے والے چند بڑے ہیروں میں سے ایک ہے اور اسے کمپنی کی میگا ڈائمنڈ ڈسکوری ایکسرے ٹیکنالوجی کے ذریعے ڈھونڈا گیا۔