Time 22 اگست ، 2024
پاکستان

ان کا ارادہ ہی نہیں کہ عمران کو باہر نکالیں، علیمہ خان جلسہ ملتوی کرنے پر برس پڑیں

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے پی ٹی آئی رہنماؤں پر الزام لگایا ہےکہ  کسی کا ارادہ ہی نہیں کہ عمران خان کو جیل سے باہر نکالا جائے۔

سوشل میڈیا پر عمران خان کی بہن علیمہ خان کی ایک مبینہ آڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ کسی پی ٹی آئی رہنما سے بات کرتے ہوئے  اسلام آباد جلسہ ملتوی کرنے پر ناراضی کا اظہار کر رہی ہیں۔

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ ان میں سےکسی کا ارادہ ہی نہیں کہ بانی پی ٹی آئی کوباہرنکالا جائے۔

علیمہ خان کے مطابق  ان کو اسٹیبلشمنٹ نے ہی بھیجا ہے، اعظم سواتی صبح ساڑھے 7  بجے بانی پی ٹی آئی سے ملنے کیوں گئے؟ یہ ایک سوال ہے، اعظم سواتی کو کس نے بھیجا تاکہ بانی پی ٹی آئی کوکہہ سکیں کہ ہم جلسہ ملتوی کر رہےہیں، ہمیں آپ کے نام پر جلسہ ملتوی کرنا ہے، اعظم سواتی صبح ملنے کےلیےگئےکیسے؟ انہیں اجازت کیسے مل گئی؟

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ وہ  کئی بار کہہ چکی ہیں کہ یہ جیل میں بیٹھے ہوئے بانی پی ٹی آئی سے پوچھ کیوں رہے ہیں، پارٹی کے چیئرمین توباہربیٹھےہوئے ہیں، جب ان کا دل کرتا ہے تو فیصلے تویہ خود کرتے ہیں لیکن عمران خان کو  نکالنے کی بات آتی ہے تویہ اس سے پوچھنے بیٹھ جاتے ہیں۔

خیال رہےکہ پاکستان تحریک انصاف نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اجازت نہ ملنے کے  باوجود  آج  اسلام آباد میں ہر صورت جلسہ کرنےکا اعلان کر رکھا تھا  جب کہ مقامی انتظامیہ کی جانب سے بھی پی ٹی آئی کا جلسہ روکنے کے لیے جگہ جگہ کنٹینر لگا کر راستے بلاک کر دیے گئے تھے۔

بعد ازاں سیکرٹری جنرل تحریک انصاف عمر ایوب نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر اسلام آبادجلسے کی تاریخ تبدیل کی جا رہی ہے، جلسے کی نئی تاریخ کا اعلان جلدکیا جائےگا۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نےکہا کہ اعظم سواتی نےجلسہ ملتوی کرنےکا اعلان کردیا ہے، اب جلسہ 8 یا 9 ستمبر کو اسلام آباد میں ہوگا۔

پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق کورکمیٹی ممبران نے جلسہ منسوخی کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے جب کہ سیاسی کمیٹی کے ارکان نے بھی جلسہ منسوخی کے اعلان اور فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا۔

مزید خبریں :