Time 23 اگست ، 2024
پاکستان

کارساز واقعہ: خاتون نتاشا کی اسی روڈ پر ایک اور گاڑی کو ٹکر مارنے کی نئی ویڈیو سامنے آگئی

کارساز پر تین روز پہلے گاڑی کی ٹکر سے باپ اور بیٹی کی ہلاکت کے معاملہ میں نیا انکشاف ہوا ہے، خاتون نتاشا کی جانب سے اسی روڈ پر پہلے ایک سفید رنگ کی گاڑی کو ٹکر مارنے کی نئی ویڈیو سامنے آگئی۔

نئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون نتاشا نے اسی روڈ پر پہلے ایک سفید رنگ کی گاڑی کو ٹکر ماری، سفید گاڑی سامنے سے آئی تو خاتون نے اپنی گاڑی کی رفتار کو کم کیا اور پھر تیزی سے گاڑی چلا دی۔

ویڈیو میں میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون کی گاڑی نے سفید گاڑی کے عقبی دروازے کو ہٹ کیا جبکہ خاتون نے گاڑی کے پیچھے موجود موٹر سائیکل پر سوار دو افراد کو بھی ہٹ کیا جس سے وہ موٹر سائیکل سمیت گر گئے، جس کے بعد خاتون تیزی سے گاڑی چلاتے ہوئے وہاں سے فرار ہو گئی۔

ویڈیو میں واقعے کے بعد وہاں موجود شہریوں اور سکیورٹی گارڈز کو جمع ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں واقعے کا وقت شام 6 بج کر 11 منٹ کا ہے، وہاں سے فرار ہونے کے بعد خاتون نے اسی روڈ پر آگے جا کر موٹر سائیکل سوار باپ بیٹی کو ہٹ کیا جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوئے جبکہ ایک شخص زخمی ہوا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ خاتون پہلے واقعہ کی وجہ سے وہاں سے فرار ہوتے ہوئے تیز گاڑی چلا رہی تھی اور اسی تیز رفتاری کی وجہ سے حادثہ ہوا۔

یاد رہے کہ واقعے کا مقدمہ تھانہ بہادر آباد میں متوفی کے بھائی اور متوفیہ لڑکی کے چچا کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :