Geo News
Geo News

Time 25 اگست ، 2024
جرائم

اخراجات سے تنگ آکر شوہر نے بیوی کو دوستوں کی مدد سے قتل کرا دیا

اخراجات سے تنگ آکر شوہر نے بیوی کو دوستوں کی مدد سے قتل کرا دیا
فوٹو: ہیمنت اور درگوتی فائل

بھارت میں بیوی کے بے جا اخراجات سے تنگ آکر شوہر نے اسے قتل کرا دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے شہر گوالیر سے تعلق رکھنے والے  شخص نے اپنی بیوی کے بے جا خرچ سے تنگ آکر اس کے قتل کا منصوبہ بنایا۔

پولیس کے مطابق شوہر ہیمنت شرما نے بیوی کو قتل کروانے کے لیے اپنے دوستوں کی مدد لی اور انہیں ڈھائی لاکھ روپے ادا کیے۔

پولیس کا کہناہے کہ  یہ واقعہ، جو ابتدائی طور پر ایک سڑک حادثہ معلوم ہوا، 13 اگست کو پیش آیا اور 10 دن بعد پولیس کی تحقیقات میں اس کا پردہ فاش ہوا۔

پولیس کے مطابق ہیمنت نے بیوی کے قتل کو سڑک حادثہ کی طرح پیش کیا۔ 

پولیس نے بتایا کہ جرم کے دن ہیمنت اپنی بیوی درگوتی اور اس کے بھائی سندیش کو ایک مندر لے گیا۔ واپسی کے دوران ہیمنت کے دوستوں کی کار نے اس موٹر سائیکل کو جان بوجھ کر ٹکر ماری جس پر درگوتی اور اس کا بھائی بیٹھے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ درگوتی حادثے میں شدید  زخمی ہوئی اور بعد میں اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئی جبکہ اس کا بھائی  زخمی ہوا۔

حادثے کے بعد ابتدائی طور پر ہیمنت  نے واقعہ کو حادثے کی طرح ر پورٹ کیا۔

تاہم، اس کے بیان میں تضاد اور علاقے سے سی سی ٹی وی فوٹیج  نے شکوک و شبہات کو جنم دیا، مزید تفتیش سےکار کا پتہ چلا جو حادثے سے پہلے موٹرسائیکل کا مسلسل پیچھا  کر رہی تھی۔

پولیس کے مطابق تحقیقات سے پتہ چلا کہ درگوتی ہیمنت شرما کی دوسری بیوی تھی، دونوں نے 2023 میں شادی کی تھی لیکن بیوی کے  بے جا خرچ کی عادت کی وجہ سے ان کے تعلقات خراب ہو ئے اور ہیمنت  مالی مسائل کا شکار ہوگیا جس کے بعد اس نے دوستوں کی مدد سے بیوی کو مارنے کا منصوبہ بنایا۔

ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے قتل کی سازش میں 3ساتھیوں کے ملوث ہونے کی تصدیق کی۔ پولیس نے ہیمنت اور کار ڈرائیور کو گرفتار کر لیا جبکہ اس سازش میں ملوث 2 دیگر افراد ابھی تک فرار ہیں۔