25 اگست ، 2024
صوبہ پنجاب کے شہر نارووال میں مبینہ طور پر بیٹا نہ پیدا کرنے پر سسرالیوں نے بہو کو تشدد کا نشانہ بنایا اور زہر بھی پلاکر نیم مردہ حالت میں میکے کے باہر پھینک کر چلے گئے۔
پولیس کے مطابق خاتون پر تشدد کا واقعہ 21 اگست کو بڑا پنڈ جرپال میں پیش آیا تھا، متاثرہ خاتون کی والدہ کی مدعیت میں شوہر اور سسر سمیت 5 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں متاثرہ خاتون کی والدہ نے الزام عائد کیا کہ اس کی بیٹی کو بیٹا نہ پیدا کرنے پر سسرالیوں نے تشدد کا نشانہ بنایا اور زہر پلاکر نیم مردہ حالت میں گھر کے باہر پھینک گئے۔
متاثرہ خاتون کی والدہ کے مطابق اس کی 20 سالہ بیٹی کی ایک سال قبل ہی شادی ہوئی تھی اور اس کی ڈیڑھ ماہ کی بچی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ رورل ہیلتھ سینٹر میں لیڈی ڈاکٹر نہ ہونے پر بیٹی کا میڈیکل وقت پر نہیں ہوسکا۔
سٹی پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہے اور اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔