Time 25 اگست ، 2024
پاکستان

پی ٹی آئی نے جلسہ منسوخ کرنے کی پیشکش کی، اسی لیے عمران سے ملاقات کی سہولتکاری کی گئی: وزیر دفاع

وزیر دفاع خواجہ آصف  نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 22 اگست کا جلسہ منسوخ کرنے کی پیش کش کی تھی، اسی لیے صبح سات بجے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی سہولت کاری کی گئی۔ 

سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہناتھاکہ جلسے کی منسوخی کے بعد عمران خان، بشریٰ بی بی، رؤف حسن، علیمہ بی بی کی گفتگو سب کے سامنے ہے، پی ٹی آئی میں اختلافات واضح ہو رہے ہیں، جلسہ کامیاب ہونا ہوتا تو کبھی منسوخ نہ کرتے۔ 

انہوں نے کہا کہ یہ کہہ رہے ہیں کہ 9 مئی ہم نے نہیں کیا، مجھے بتائیں کیا چہرے کرائے کے تھے؟ ان کے تو ویڈیو میں چہرے تھے، 9 مئی واقعات ہزاروں نہیں کروڑوں لوگوں نے دیکھے، 9 مئی واقعات میں ملوث عناصر کی شکلیں ویڈیوز میں واضح دیکھی جاسکتی ہیں۔ 

عمران خان کی اڈیالہ جیل میں اعظم سواتی سے ملاقات کے حوالے سے خواجہ آصف کہنا تھا کہ بات جلسہ منسوخ کرنے کی تھی، اس لیے انتظامیہ کو کیا اعتراض ہو سکتا تھا؟ جیلوں میں گفتگو راز میں نہیں رہتی، آپ کی ہر نقل و حرکت ریکارڈ ہوتی ہے، میں جیل کے جس سیل میں تھا وہاں 16 کیمرے لگے تھے۔  

خواجہ آصف کا کہنا تھا علی امین گنڈا پور بزدار 2 ہیں بلکہ علی امین ان سے بھی بڑھ کر ہیں، بزدار بولتا نہیں تھا یہ بڑھکیں مارتے ہیں، علی امین اپنی کابینہ کےلوگوں کے متعلق کیاکہہ رہے ہیں اورکابینہ والےان کو چور کہہ رہےہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ بیرونی ایجنڈے پر کام ہو رہا ہے، اس کا بھرپور مقابلہ کریں گے، پاکستان کی وحدت کا بھرپور دفاع کیا جائے گا۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ امریکا میں ڈیمورکریٹس آئیں یا ری پبلکنز کوئی فرق نہیں پڑتا، ہماری قسمت امریکا نے نہیں بلکہ ہم نے خود بدلنی ہے۔ 

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 22 اگست کو اسلام آباد میں جلسے کا اعلان کیا تھا تاہم گزشتہ روز صبح ہی جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان کیا گیا جس پر کارکنوں نے شدید غصے کا بھی اظہار کیا۔

عمران خان کی بہن علیمہ خان بھی پی ٹی آئی رہنماؤں پر برس پڑی تھیں۔

مزید خبریں :