Time 26 اگست ، 2024
کاروبار

تاجر دوست اسکیم پر تحفظات: ایف بی آر نے تاجر وفد کو ملاقات کیلئے بلا لیا

تاجر دوست اسکیم پر تحفظات: ایف بی آر نے تاجر وفد کو ملاقات کیلئے بلا لیا
 تاجر تنظیمیں ایف بی آر کی جانب سے دیے گئے تاجر دوست اسکیم کو مسترد کرتے ہوئے 28 تاریخ کو ہڑتال کا اعلان کررکھا ہے: فائل فوٹو

کراچی: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تاجر دوست اسکیم کے حوالے سے تحفظات دور کرنے کے لیے تاجروں کو 27 اگست کو اسلام آباد بلا لیا۔

کوآرڈینیٹر میڈیا سیل تاجر دوست اسکیم نعیم میر کے مطابق ویلیو ایشن ٹیبل بدلنے یا نظرثانی کا اختیار ایف بی آر کے بجائےکمشنرسطح پرکمیٹیوں کو دینےکی تجویز  پیش کی ہے، کمشنرسطح پربنی کمیٹیوں میں علاقائی تنظیموں اور چیمبرآف کامرس کی نمائندگی ہوگی۔

نعیم میر کا کہنا ہے کہ ماہانہ انکم ٹیکس سہ ماہی بنیاد پرجمع کرنےکی تجویز ہے،  آڈٹ کرانےکا اختیار مقامی آفس کے بجائے ایف بی آر اسلام آبادکے پاس ہوگا جبکہ مجوزہ ایڈوانس ٹیکس سے زائد انکم ٹیکس دینے والوں پر ٹیکس لاگو نہیں ہوگا۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ ترمیمی ایس آر او جاری ہونے سے نئے نوٹس جاری نہیں ہوں گے اور پرانے نوٹس پر عمل نہیں ہوگا، تاجر دوست اسکیم ٹریڈرز کی رجسٹریشن کے لیے ہے،  ملک میں 35 لاکھ تاجروں میں سے صرف 3 لاکھ رجسٹرڈ ہیں۔

کو آرڈینیٹرمیڈیاسیل کے مطابق ریٹرن جمع کرانے کے لیے اردو میں آسان فارم جاری ہوگا جبکہ ایڈوانس ٹیکس ادائیگی واجب الاد ٹیکس سے زائد ہونے پر خود کار طریقے سے ریفنڈ ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ تاجر تنظیموں نے حکومت (ایف بی آر) کی جانب سے دیے گئے تاجر دوست اسکیم کو مسترد کرتے ہوئے 28 تاریخ کو جماعت اسلامی کی جانب سے ملک گیر ہڑتال کی کال کی حمایت کا اعلان کر رکھا ہے۔ 

حکومت نے بجٹ سے قبل متعارف کرائی گئی تاجر دوست اسکیم کے ذریعے 31 لاکھ تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا ہدف طے کیا تھا تاہم اس اسکیم کے تحت اب تک ایک لاکھ سے بھی کم تاجروں نے رجسٹریشن کروائی ہے۔  

مزید خبریں :