26 اگست ، 2024
کراچی میں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کا مشیر نجی بجلی تقسیم کار کمپنی کے الیکٹرک کا سابق ملازم نکلا۔
قومی اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات میں کابینہ ڈویژن نے تحریری جواب میں بتایاکہ کراچی میں نیپرا کا مشیر کے الیکٹرک کاسابق ملازم ہے اور کراچی میں نیپرا کے مشیر کا تقرر شفاف اور سخت عمل کے ذریعے ہوا۔
کابینہ ڈویژن کا کہناتھاکہ مشیرکا انتخاب وسیع تجربے اور کراچی میں بجلی کے شعبے میں سمجھ بوجھ کی بنیادپرکیاگیا، کراچی میں نیپرا کا مشیر کسی بھی شکایت سے متعلق تنہا کوئی فیصلہ نہیں کر سکتا۔
کابینہ ڈویژن نے بتایاکہ یکم جولائی 2023 تا جون 2024 کے الیکٹرک کے خلاف نیپرا کو 6862 شکایات ملیں اور کے الیکٹرک کے خلاف 6376 شکایات کو نمٹا دیا گیا اور 486 شکایات پر کام جاری ہے۔
کابینہ ڈویژن کے مطابق شکایات کو نمٹانے کیلئے نیپرا میں 1372 سماعتیں منعقد کی گئیں۔