Time 27 اگست ، 2024
دنیا

کفالت کی ہوس میں بھارتی خاتون کی پے درپے 7 شادیاں، 6 شوہروں سے پیسے بٹورنے میں کامیاب

کفالت کی ہوس میں بھارتی خاتون کی  پے درپے 7 شادیاں، 6 شوہروں سے پیسے بٹورنے میں کامیاب
بھارتی میڈیا رپورٹ میں خاتون کا نام حتیٰ کہ خاتون کے سب شوہروں کے نام بھی خفیہ رکھے گئے ہیں/فوٹوفائل

بھارتی ریاست کرناٹکا کی خاتون نے کفالت کی ہوس میں 7 بار شادی رچالی  اور 6شوہروں سے پیسے بٹورنے میں کامیاب بھی ہو گئی۔

بھارتی میڈیا پر  ایک ویڈیو کا حوالہ دے کر خاتون کے فراڈ سے متعلق ایک رپورٹ شائع کی گئی ہے جس میں بتایا گیا کہ خاتون نے 7 بار شادیاں کیں اور 6 شوہروں سے کفالت کے طور پر پیسے  وصول کر لیے۔

رپورٹ میں خاتون کا نام حتیٰ کہ خاتون کے سب  شوہروں کے نام بھی خفیہ رکھے گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹ میں خاتون کے فراڈ کے حوالے سے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر شیئر  ایک منٹ 26 سیکنڈ کا کلپ کا حوالہ دیا گیا ہے، ٹوئٹ کے کیپشن کے مطابق ’کرناٹکا سے تعلق رکھنے والی  نامعلوم خاتون نے 7 بار شادیاں کیں اور  اپنے 6 شوہروں سے کفالت کی رقم حاصل لی، خاتون  ساتویں شوہر کے خلاف بھی کفالت کا کیس لڑ رہی ہے۔

ویڈیو میں کیے گئے انکشاف کے مطابق بھارتی خاتون اپنے ہر شوہر کے ساتھ 6 ماہ سے ایک سال تک رہی، جس کے بعد خاتون نے  6 شوہروں کے خلاف مقدمہ دائر کرکے ان سے کفالت حاصل کی ۔

حالیہ کیس کی سماعت کے دوران وکیل نے  عدالت کو بتایا کہ خاتون کے اس سے قبل تمام شوہروں کے خلاف کیسز کو نمٹادیا گیا ہے، خاتون کا یہ کیس ساتویں شوہر کے خلاف ہے۔

 جس پر عدالت میں موجود جج نے ریمارکس میں کہا کہ آپ قانون کے ساتھ کھیل رہی ہیں؟ بعد ازاں فریقین کے دلائل سننے کے بعد جج نے خاتون کے تمام شوہروں کی تفصیلات طلب کرلیں۔

خاتون کے رویے پر سوشل میڈیا صارفین آگ بگولہ

سوشل میڈیا صارفین خاتون کے رویے پر آگ بگولہ ہیں اور تبصرے میں غصے کا اظہار کر رہے ہیں، ایک  صارف نے ٹوئٹ پر ردعمل دیا کہ ’یہ عمل ناقابل قبول ہے‘ ۔

 ایک صارف نے لکھا، یہ بہت سی خواتین کے لیے ایک قسم کا کاروبار بن گیا ہے، ایک صارف نے عورت کا نام سامنے لانے کامطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی خاتون  کا نام سامنے لایا جائے تاکہ آٹھویں اور اسی طرح کے دوسروں مردوں  کو بچایا جا سکے۔

مزید خبریں :