28 اگست ، 2024
بالی وڈ کے سینئر اداکار نصیر الدین شاہ نے اپنی کامیاب ازدواجی زندگی کا راز بیوی سے دوستی اور کسی بھی ذمہ داری کو ایک دوسرے پر لازم نہ کرنے کو قرار دیا ہے۔
نصیرالدین شاہ اور رتنا پھاٹک شاہ نے 1982 میں شادی کی تھی اور دونوں کی شادی کو 4 دہائیوں سے زائد کا عرصہ بیت چکا ہے۔
کچھ ماہ قبل دیے گئے انٹرویو میں نصیر الدین شاہ نے اہلیہ رتنا سے متعلق بتایا کہ میری رتنا سے پہلی ملاقات ممبئی میں ایک پلے کے دوران ہوئی، رتنا اس وقت 17 سال کی تھی اور اس پلے کے دوران مجھے رتنا اچھی لگی تھی۔
ہمارے خاندان میں مردانگی کو بہت اہمیت دی جاتی تھی: نصیرالدین
اپنی کامیاب ازدواجی زندگی کا راز بتاتے ہوئے نصیر الدین شاہ نے بتایا کہ’ ہماری کامیاب ازدواجی زندگی کا راز یہ ہے کہ ہم دونوں نے کبھی ایک دوسرے سے کوئی طے کی گئی امید نہیں لگائی، کبھی بھی کوئی بھی ذمہ داری ایک دوسرے کیلئے لازمی نہیں کی، میں نے اہلیہ کو بتا دیا تھا کہ میں برتن دھوسکتا ہوں، گھر کی صفائی بھی کرلوں گا لیکن کھانا تم پکانا، وقت کے ساتھ ساتھ ہم ایک دوسرے کو سمجھتے رہے اور ہماری دوستی اور مضبوط ہوگئی جو آج بھی قائم ہے‘۔
ازدواجی زندگی کو کامیاب بنانے کیلئے نصیر الدین شاہ نے شوہروں کو مشورہ دیا کہ آج کے مردوں کو چاہیے کہ وہ میاں بننا چھوڑ دیں، میں نے شروع سے اپنے خاندان میں یہ سب چیزیں دیکھیں جو مجھے نہیں پسند تھیں، ہمارے خاندان میں مردانگی کو بہت اہمیت دی جاتی تھی لیکن میں اپنی اہلیہ سے ہر چیز کا صلح مشورہ کرتا ہوں کیوں کہ میں مانتا ہوں کہ وہ مجھ سے زیادہ ذہین اور قابل ہے۔
سینئر اداکار کا کہنا تھا کہ میں اپنے والد جیسا نہیں بننا چاہتا تھا، والدہ جیسا بننا چاہتا تھا، وہ ہم بہن بھائیوں سے محبت کرتے تھے لیکن ظاہر نہیں کرپائے، والد سے زیادہ دنیا میں کبھی کسی سے خوف نہیں رکھا اور اسی خوف سے پوری زندگی میں کبھی اپنے والد کو ہاتھ بھی نہیں لگایا‘۔
بچپن کے دنوں سے متعلق نصیر الدین شاہ نے بتایاکہ بچپن سے مجھے کرکٹ پسند تھی لیکن والد چاہتے تھے کہ میں ڈاکٹر بنوں اس لیے کرکٹر نہیں بن سکا لیکن میں نے 14سال کی عمر میں طے کرلیا تھا کہ مجھے اداکار بننا ہے اس کے بعد میں اپنے طور پر ہی سیکھنا شروع کردیا تھا۔