12 جون ، 2023
بھارتی اداکار نصیر الدین شاہ پاکستان میں سندھی زبان سے متعلق اپنے بیان پر غلطی کااعتراف کرچکے ہیں تاہم اس کے باوجود انہیں سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
گزشتہ دنوں ایک انٹرویو میں نصیر الدین شاہ نےکہا تھا کہ سندھی زبان اب پاکستان میں نہیں بولی جاتی۔
نصیرالدین شاہ کے بیان پران کوسوشل میڈیا پرشدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا،نصیر الدین شاہ نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر بیان جاری کیا تھا تاہم بھارت کے سینئر اداکار پر تنقید کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر جاری بیان میں نصیر الدین شاہ نے ایک بار پھر پاکستان میں سندھی آبادی سے معافی مانگتے ہوئے لکھا کہ میں پاکستان کے تمام سندھی بولنے والے افراد سے معذرت خواہ ہوں جو میری غلط رائے کی وجہ سے مجھ سے شدید ناراض ہیں، میں تسلیم کرتا ہوں کہ میری معلومات غلط تھی لیکن کیا اس کے لیے مجھے سولی چڑھانا ضروری ہے؟
انہوں نے کہا کہ درحقیقت کئی سالوں تک خود کو ذہین شخص سمجھے جانے کے بعد 'جاہل' اور ' فرضی دانشور' کہلانے سے کافی لطف اندوز ہو رہا ہوں، یہ بڑی تبدیلی ہے!