28 اگست ، 2024
کراچی: کارساز روڈ پر گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار باپ بیٹی کو کچل کر قتل کرنے والی ملزمہ کے پیشاب کے نمونوں میں ممنوعہ شے کی موجودگی پائی گئی۔
باپ بیٹی کو کچلنے والی گاڑی کی ڈرائیور ملزمہ کے میڈیکل کی رپورٹ پولیس کو موصول ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملزمہ ڈرائیور کے یورین کے نمونوں میں ممنوعہ شے کی موجودگی پائی گئی، ملزمہ کی میڈیکل رپورٹ 2 سے 3 دن کیلیے سیل کر دی گئی۔
یاد رہے کہ کارساز روڈ پر گاڑی کی ٹکر سے باپ بیٹی کے جاں بحق ہونے کا واقعہ 19 اگست کو پیش آیا تھا، گاڑی میں سوار ملزمہ نے موٹر سائیکل پر والد کے ساتھ سوار آمنہ عارف کو پیچھے سے زور سے ہٹ کیا جس کے نتیجے میں دونوں کی موت واقع ہو گئی۔
کارساز روڈ پر نیشنل اسٹیڈیم کے قریب تیز رفتار گاڑی موٹر سائیکل سواروں کو روندتی ہوئی دوسری گاڑی سے ٹکرا گئی تھی، حادثے میں ایک گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی تھی جبکہ پولیس نے حادثے کی ذمہ دار خاتون کو گرفتار کر لیا تھا۔
واقعے کے بعد ملزمہ کی کئی ویڈیوز بھی منظر عام پر آئیں جس میں انہیں غنودگی کی حالت میں لوگوں کو دھمکیاں دیتے بھی دیکھا گیا۔
اس سے قبل پولیس کے تفتیشی افسر کی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ ملزمہ مسلسل بیانات تبدیل کر رہی ہے۔