فیکٹ چیک: پاکستان نے بنگلہ دیشی شہریوں کو بغیر ویزا کے داخلے کی اجازت نہیں دی

13 اگست کو اعلان کردہ نئی پالیسی کے مطابق ویزا فری انٹری صرف خلیجی ممالک کے شہریوں کو دی جائے گی۔

اس ماہ کے شروع میں بنگلہ دیش میں حکومتی تبدیلی کے بعد پاکستانی سوشل میڈیا پر پوسٹس گردش کرنے لگیں جن میں دعویٰ کیا گیا کہ پاکستانی حکومت نے بنگلہ دیشی شہریوں کو بغیر ویزا کے داخلے کی اجازت دے دی ہے۔

دعویٰ غلط ہے۔

دعویٰ

ایکس، (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے بنگلہ دیشی شہریوں کے لیے ویزا فری انٹری کا اعلان کیا ہے۔ 

وائرل پوسٹ کو آرٹیکل کے شائع ہونے تک 1 لاکھ 41 ہزار سے زائد بار دیکھا، 6 ہزار 700 سے زائد دفعہ لائک اور 720 مرتبہ ری پوسٹ کیا گیا۔

فیکٹ چیک: پاکستان نے بنگلہ دیشی شہریوں کو بغیر ویزا کے داخلے کی اجازت نہیں دی

اس جیسے دعوے یہاں اور یہاں بھی شیئر کیے گئے۔

حقیقت

وزارت داخلہ اور وزارت اطلاعات و نشریات کے حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بنگلہ دیشیوں کو پاکستان میں ویزا کے بغیر رسائی حاصل نہیں ہوگی۔

وزارت داخلہ کے ڈائریکٹر جنرل میڈیا قادر یار ٹوانہ نے جیو فیکٹ چیک کو واضح کیا کہ 13 اگست کو وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کئی ممالک کے لیے نظرثانی شدہ ویزا پالیسی کا اعلان کیا۔

نئی پالیسی کے مطابق خلیجی ممالک کے شہریوں کو ویزا فری انٹری دی جائے گی، جنہیں پاکستان میں داخلے کے لیے صرف اپنے پاسپورٹ کی ضرورت ہوگی۔

قادر یارٹوانہ نے وضاحت کی کہ ”جو ویزا فری ہے وہ صرف گلف کنٹریز کے لیے ہے،  ان کو صرف پاسپورٹ دکھا کر آنا ہے. باقی ان [بنگلہ دیش] لوگوں کو اپلائی کرنا ہے، ان کو الیکٹرانک ویزہ مل جائے گا چوبیس گھنٹے میں۔“

وزارت داخلہ کی ویب سائٹ پر ان ممالک کی لسٹ دی گئی ہے جن کے شہریوں کو پاکستان میں داخلے کے لیے ویزا کی ضرورت نہیں ہے جو کہ مندرجہ ذیل ہیں: متحدہ عرب امارات، بحرین، سعودی عرب، عمان، قطر اور کویت۔

جبکہ بنگلہ دیش سمیت 126 دیگر ممالک کے شہریوں کو آمد سے پہلے ویزا کے لیے درخواست دینا ہوگی۔

وزارت اطلاعات و نشریات کی وفاقی سیکرٹری عنبرین جان نے بھی ان معلومات کی مزید تصدیق کی۔

ہمیں X (ٹوئٹر)@GeoFactCheck اور انسٹا گرام@geo_factcheck پر فالو کریں۔

اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔