29 اگست ، 2024
لاہور: امیر بالاج ٹیپو قتل کے مبینہ ملزم احسن شاہ کی مقابلے سے قبل کی مبینہ آڈیو منظرعام پر آ گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق احسن شاہ نے مبینہ طور پر جیل سے خاتون دوست کو فون کیا، مبینہ آڈیو میں ملزم نے ایک پولیس آفیسر کے قتل کی منصوبہ بندی کا خاتون سے ذکر کیا۔
ملزم احسن شاہ مبینہ آڈیو میں کہہ رہا ہے کہ مجھے ایک ماہ کے اندر اندر بیرون ملک چلے جانا ہے، جانے سے قبل گرفتار کرنے والے شخص کا کام کرکے جانا ہے۔
مبینہ آڈیو میں خاتون احسن شاہ سے پوچھتی ہے کہ کون ہے جس نے گرفتار کیا، جس پر احسن شاہ جواب دیتا ہے تمہارے والد کا دوست ہے بادامی باغ والا۔
پولیس ذرائع کا بتانا ہے کہ ملزم احسن شاہ نے پولیس آفیسر کے قتل کیلئے شوٹر کا بندوبست جیل میں کیا۔
ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم یونٹ عمران کشور نے تصدیق کی ہے کہ آڈیو ملزم احسن شاہ کی ہے، ملزم احسن شاہ کی آڈیو کا فارنزک بھی کرائیں گے۔
جیل مینوئل کے مطابق ہفتے میں ایک بار تمام قیدیوں کو فون کرنے کی اجازت ہوتی ہے، جیل میں قائم فون بوتھ سے قیدی ویڈیو کال کر سکتے ہیں جو ریکارڈ ہوتی ہیں۔