29 اگست ، 2024
برسات کے موسم میں غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے حادثات کا پیش آنا ایک معمول بن گیا ہے لیکن اگر ہم ذرا سی احتیاط سے کام لیں تو اس موسم میں جانی نقصان سے بچا جاسکتا ہے۔
ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور آئندہ چند روز تک یہ برقرار رہے گا۔
ایسے میں شہریوں کو چند احتیاطی تدابیر اپنانے اور بنیادی انتظامات کرنا ضروری ہیں جن سے حادثات سے بچا جاسکتا ہے۔
بارشوں کے موسم میں چھتری اور رین کوٹ بنیادی ضروریات ہیں، اس لیے بارش میں باہر جانے سے پہلے چھتری یا رین کوٹ لازمی اپنے ساتھ رکھیں۔
اس سے نہ صرف آپ بارش سے محفوظ رہیں گے بلکہ آپ کا ذاتی سامان بھی بھیگنے سے بچ جائے گا جبکہ بارش میں پلاسٹک بیگ بھی ساتھ رکھنا آپ کے کام آسکتا ہے جس میں موبائل فون اور ایسا قیمتی سامان رکھا جاسکتا ہے جو بھیگ کر خراب ہوسکتا ہے۔
اس موسم میں گھروں میں پانی بھر جانا ایک بڑا مسئلہ ہے جس سے لوگوں کا کافی نقصان بھی ہوجاتا ہے۔
اس لیے بہتر ہے آپ بارش برسنے کے دوران گھر کی کھڑکیاں اور دروازے اچھے طریقے سے بند رکھیں تاکہ پانی گھر میں داخل نہ ہوسکےاور گھر کا فرنیچر خراب نہ ہو۔
ہر سال بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے سے متعدد اموات ہوتی ہیں جن میں سے زیادہ تر ہماری غفلت کے باعث ہوتی ہیں۔
لہٰذا ایسے موسم میں بجلی کے پول اور خاص کر گری ہوئی تاروں سے فاصلہ رکھیں کیونکہ ان میں دوڑنے والی برقی رو آپ کے لیے جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے۔
بارش کے موسم میں بلاضرورت باہر نہ نکلیں اور خاص کر جہاں پانی زیادہ کھڑا ہو وہاں سے گزرنے سے گریز کریں۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ پانی کے نیچے کھلے گٹر چھپے ہوسکتے ہیں جس سے جانی نقصان ہوسکتاہے، اس لیے بہتر ہے کہ زیادہ ایمرجنسی کی صورت میں ہی باہر نکلا جائے۔
مون سون سیزن میں تجربہ کار ڈرائیورز کے لیے بھی ڈرائیونگ کرنا آسان نہیں کیونکہ اس موسم میں سڑکیں گیلی ہونے کی وجہ سے گاڑیوں کے پھسلنے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔
اس موسم میں ڈرائیونگ کے دوران گاڑی کو اچانک موڑنے اور بریک لگانے سے گریز کریں جبکہ آگے والی گاڑی سے فاصلہ رکھیں، بڑی گاڑیوں سے دور رہیں اور ہیڈلائٹ آن کردیں تاکہ آپ کی گاڑی دوسروں کو بھی نظر آئے۔
اس کے علاوہ بارشوں کے موسم میں اپنی گاڑی میں تیل اور دیگر چیزوں کا معائنہ کرکے باہر نکلیں۔
بارش کے موسم میں بجلی کے جان لیوا خطرے سے بچنے کی حفاظتی تدابیر میں سے ایک یہ بھی ہے۔
آپ اپنے گھر میں موجود تمام برقی آلات کو ان پلگ (unplug) کردیں کیونکہ اس موسم میں وولٹیج کبھی کم اور کبھی زیادہ ہوتا ہے جس سے شارٹ سرکٹ کا خدشہ ہوتا ہے۔