29 اگست ، 2024
خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور ہائیکورٹ کی طرف سے جوڈیشل انکوائری کرانے کے خط پر اعتراض کے بعد 9 مئی واقعات کی انکوائری کمیشن خود قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔
فیصلے کی حتمی منظوری وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور سے لی جائے گی۔
صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انکوائری ججز سے کرانے کے پابند نہیں ہیں، عدلیہ انکوئری نہیں کرنا چاہتی تو خود انکوائری کمیشن قائم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ انکوئری ایکٹ میں انکوائری کرنے والے کو سول جج کے اختیارات حاصل ہیں۔ ججز سے اس لیے انکوائری کرانا چاہتے تھے کہ عدلیہ پر اعتماد زیادہ ہے۔
اس کے علاوہ ایڈوکیٹ جنرل خیبر پختونخوا شاہ فیصل اتمان خیل نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ صوبائی حکومت کو دوبارہ ہائیکورٹ کو خط لکھنے کا مشورہ دیا تھا۔ صوبائی حکومت کو خط لکھ کر تمام تفصیلات سے آگاہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹ سے جوڈیشل انکوائری کے لیے ججز مانگے تھے لیکن ہائیکورٹ نے ہمارے خط پر اعتراض لگا کر واپس کردیا تھا۔