Time 29 اگست ، 2024
دنیا

مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کا آپریشن جاری، اسلامی جہاد کے کمانڈر سمیت 18 فلسطینی شہید

مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کا آپریشن دوسرے روز بھی جاری ہے۔

اسرائیلی فوج سے جھڑپ میں طولکرم میں اسلامی جہاد کے عسکری ونگ القدس بریگیڈ کے سربراہ 26 سالہ محمد جابر ابو شجاع سمیت 18 فلسطینی شہید ہوگئے۔

رواں سال اپریل میں اسرائیلی فوج نے طولکرم کے نور شمس کیمپ پر حملے میں جابر ابو شجاع کو شہید کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم وہ کچھ دنوں بعد منظر عام پر آگئے تھے۔

اسرائیلی افواج نے گزشتہ روز مغربی کنارے کے مخلتف شہروں اور پناہ گزین کیمپوں میں فوجی آپریشن کا آغاز کیا جسے دو دہائیوں میں مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کا سب سے بڑا آپریشن قرار دیا جارہا ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی طیاروں نے غزہ کی پٹی میں خان یونس، غزہ شہر اور رفح میں بم باری کی، غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں بچوں سمیت مزید 70 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

 ورلڈ فوڈ پروگرام کی گاڑی پر گزشتہ روز اسرائیلی فائرنگ کے بعد امدادی تنظیم نے بھی غزہ میں کام روک دیا ہے۔

برطانیہ اور سوئٹزرلینڈ نے امدادی تنظیم پر اسرائیلی حملے کے خلاف اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کی درخواست کی ہے، جو آج ہوگا۔

اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر بھی فضائی حملے کیے جبکہ حزب اللہ نے مقبوضہ گولان میں اسرائیلی فوجی بیرکوں کو ڈرون حملوں سے نشانہ بنایا۔

مزید خبریں :