30 اگست ، 2024
مثبت اشاریوں کے باوجود ملکی معیشت پر پاکستانیوں کے اعتماد میں کمی آگئی۔
اپسوس پاکستان کی جانب سے جاری کیے گئےکنزیومرکانفیڈنس سروے کے مطابق معیشت کو مضبوط کہنے والے پاکستانیوں کی شرح 16 فیصد سے 13 فیصد پر آگئی جبکہ معیشت کو کمزور سمجھنے والوں کی شرح ایک فیصد اضافے کے بعد 69 فیصد ہوگئی۔
سروے کے مطابق مستقبل میں معاشی بحالی سے مایوس پاکستانیوں کی شرح 19 فیصد اضافہ کے بعد 70 فیصد ہوگئی ہے جبکہ معاشی بہتری کے لیے پُر امید افراد کی شرح 10فیصد کمی کے بعد 12 فیصد پر دیکھی گئی۔
اپنی مالی حالت میں بہتری سے مایوس پاکستانیوں کی شرح بھی 19 فیصد اضافے سے 67 فیصدہوگئی ہے۔
روزمرہ استعمال کی گھریلو اشیا کی خریداری میں مشکلات کا کہنے والے پاکستانیوں کی شرح 4 فیصد اضافے کے بعد 94 فیصد ہوگئی جبکہ بچت کی صلاحیت نہ ہونے کا کہنے والے پاکستانیوں کی شرح 5 فیصد اضافے کے بعد 90 فیصد پر دیکھی گئی۔