Time 31 اگست ، 2024
پاکستان

کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش شروع

کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش شروع
فوٹو: فائل

کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہو گئی۔

آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، برنس روڈ، ڈیفنس ویو، محمودآباد اور اختر کالونی سمیت مختلف علاقوں میں تیز بارش کیساتھ تیز ہواؤں کا بھی سلسلہ جاری ہے۔

واضح رہے کہ بحیرہ عرب میں سمندری طوفان کے سلسلے میں محکمہ موسمیات کی جانب سے گزشتہ روز پانچواں الرٹ جاری کیا گیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان بحیرہ عرب کے شمال مشرق میں موجود ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ کے ساحلی علاقوں کے بعد سمندری طوفان گوادر کے مشرق اور جنوب مشرق کے سمندر تک جائے گا، کراچی میں 31 اگست تک وقفے وقفے سے تیز بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بدین، ٹھٹہ، سجاول، حیدرآباد، ٹنڈو محمدخان اور دیگر اضلاع میں تیز ہواؤں کا امکان ہے، 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواؤں کے جھکڑ چل سکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا کہ طوفان کے دوران سمندر میں شدید طغیانی رہ سکتی ہے۔

سمندری طوفان کے پیش نظر ماہی گیروں پر 31 اگست تک گہرے سمندر میں جانے پر پابندی عائد کردی گئی جبکہ بلوچستان کے ماہی گیروں کو یکم ستمبر تک گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یکم ستمبرتک بلوچستان کے مختلف اضلاع میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :