Time 31 اگست ، 2024
پاکستان

ورلڈ ریکارڈ بنانیوالے 5 سالہ مارشل آرٹسٹ سفیان محسود کی وزیراعظم سے ملاقات

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز  شریف سے گنیز  ورلڈ ریکارڈ  قائم کرنے والے 5  سال کے سفیان محسود نے ملاقات کی۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیےکے مطابق  ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے سفیان محسود نے حال ہی میں ورلڈ ریکارڈ بنا کر گنیز بک میں اپنا نام درج کروایا۔

سفیان محسود سے ملاقات میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سفیان محسود  نے چھوٹی عمر میں ورلڈ ریکارڈ  بنا کر ملک کا نام روشن کیا، نوجوانوں کی توانائیوں کو مثبت سمت میں لانے کے لیےکھیلوں کے مواقع فراہم کر رہے ہیں، پاکستان کے  باصلاحیت  نوجوان پاکستان کے  روشن  مستقبل کی ضمانت ہیں۔

سفیان  محسود  نے  وزیراعظم سےگفتگو میں کہا کہ مستقبل میں سائنسدان بن کر پاکستان کا نام مزید روشن کروں گا۔

وزیر اعظم نے سفیان محسود  سے اس کی مادری زبان پشتو میں بھی گفتگو کی۔ وزیر اعظم نے سفیان محسود کے والد عرفان محسود سے بھی بات چیت کی۔

ورلڈ ریکارڈ بنانیوالے 5 سالہ مارشل آرٹسٹ سفیان محسود کی وزیراعظم سے ملاقات
سفیان محسود نے وزیراعظم سےگفتگو میں کہا کہ مستقبل میں سائنسدان بن کر پاکستان کا نام مزید روشن کروں گا، فوٹو: پی آئی ڈی

 اعلامیے کے مطابق  سفیان محسود کے والد عرفان محسود 100 سے زائد گنیز  بک آف ورلڈ ریکارڈ  ہولڈر ہیں، عرفان محسود مارشل آرٹس میں مہارت رکھتے ہیں اور ڈی آئی خان میں تربیتی اکیڈمی چلاتے ہیں۔

خیال رہےکہ  پاکستان کے 5 سالہ مارشل آرٹسٹ سفیان محسود نے بھارت کا 5 سال پرانا گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑا ہے۔

ورلڈ ریکارڈ بنانیوالے 5 سالہ مارشل آرٹسٹ سفیان محسود کی وزیراعظم سے ملاقات
فوٹو: اسکرین شاٹ/ عرفان محسود فیس بک پیج

سفیان محسود نے بھارت کا مشکل ترین ریکارڈ توڑ کر یہ اعزاز  اپنے نام کیا جس کے بعد سفیان پاکستان کے کم عمر ورلڈ ریکارڈ ہولڈر بن گئے ہیں۔

سفیان نے بھارت کے ایم وی ارجن پریان کا سافٹیسٹ ٹائم ٹو کلمب اراؤنڈ پرسن کا 9.78 سیکنڈز کا ریکارڈ 7.87 سیکنڈز سے توڑ دیا۔

سفیان نے جیو نیوز کو  بتایا کہ یہ بہت ہی مشکل اور چیلنجنگ ریکارڈ تھا، اس ریکارڈ کو کوالا چیلنج بھی کہا جاتا ہے جو کووڈ کے دوران کافی پاپولر ہوگیا تھا۔

مزید خبریں :