Time 01 ستمبر ، 2024
پاکستان

گیلانی کی تیسری برسی، صدر اور وزیراعظم کا کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھنے کا عزم

گیلانی کی تیسری برسی، صدر اور وزیراعظم کا کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھنے کا عزم
کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک اس جدوجہد کو جاری رکھا جائے گا: وزیر اعظم شہباز شریف/ فائل فوٹو

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے حریت پسند کشمیری رہنما سید علی گیلانی کی تیسری برسی پر  اپنے پیغامات میں کہا کہ سید علی گیلانی کشمیر کی تحریک آزادی کے معتبر نام کے طورپر ہمیشہ یاد رکھے جائیں  گے۔

صدر  مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے، پاکستان کشمیریوں کی جائز جدوجہد کے لیے اپنی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ سیدعلی گیلانی کشمیری تحریک کے عظیم رہنما تھے، سید علی گیلانی کا عوام کے حق خودارادیت پرپختہ یقین تھا اور انہوں نے پوری زندگی اس مقصد کے لیے وقف کر دی۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ کشمیر کے عوام کی آزادی اور سید علی گیلانی کی خودارادیت کی جدوجہد کیلئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، قید وبند کی تکالیف، صعوبتیں سید علی گیلانی کے عزم کو کمزور نہ کر سکیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ سید علی گیلانی کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائےگا، کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک اس جدوجہد کو جاری رکھا جائے گا اور پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

مزید خبریں :