Time 02 ستمبر ، 2024
دنیا

جنگ بندی اور مغویوں کی واپسی کیلئے اسرائیل میں ملک گیر ہڑتال

جنگ بندی اور مغویوں کی واپسی کیلئے اسرائیل میں ملک گیر ہڑتال
فوٹو: انٹرنیٹ

تل ابیب: جنگ بندی معاہدہ کرنے اور مغویوں کی بحفاظت واپسی کے لیے اسرائیل میں آج ملک گیر ہڑتال کی گئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق کل دی جانے والی ہڑتال کی کال کے بعد آج تمام کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں اور اسرائیلی عوام نے بڑی تعداد میں سڑکوں پر احتجاج کرتے ہوئے جنگ بندی معاہدہ کرنے اور مغویوں کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق احتجاج کے باعث تل ابیب سمیت اسرائیل کے دیگر شہروں میں سڑکوں پر ٹریفک متاثر رہی، مظاہرین کے احتجاج کے باعث تل ابیب کے حاشالوم اسٹیشن پر ٹرین سروس بھی متاثر ہوئی جب کہ اس دوران پولیس نے 6 مظاہرین کو حراست میں بھی لیا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق مغویوں کے خاندانوں سمیت سیکڑوں شہری تل ابیب میں موجود ڈیفنس ہیڈکواٹر کے باہر بھی احتجاج کے لیے جمع ہوئے۔ 

الجزیرہ کی خبر کے مطابق اسرائیل کے بن گوریان ائیرپورٹ پر ملازمین اور سول ایوی ایشن عملے نے جاری ہڑتال میں توسیع کردی ہے جس کے باعث ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل ہے اور صرف انتہائی ضراری پروازیں روانہ ہورہی ہیں۔ 

دوسری جانب اسرائیلی حکومت نے آج ہونے والے ہڑتال کے خلاف لیبر کورٹ سے رجوع کیا جس کے بعد عدالت نے اسرائیلی وقت کے مطابق ڈھائی بجے تک ہڑتال کو ختم کرنے کا حکم دیا۔ عدالتی حکم کے بعد لیبر یونین کے صدر نے ہڑتال ختم کرنے اور ملازمین کو دوبارہ کام پر جانے کی ہدیت کی۔

واضح رہےگزشتہ روز غزہ سے 5 اسرائیلی اور امریکی مغوی کی لاشیں ملنے کے بعد اسرائیل میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے ہوئے جس یرغمالی اورلاپتہ افراد فورم کے نمائندوں، اپوزیشن جماعت کے رہنماؤں سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی جس کے بعد آج ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا گیا تھا۔ 

مزید خبریں :