Time 02 ستمبر ، 2024
جرائم

لاہور میں امیر بالاج قتل کے نامزد ملزم طیفی بٹ کا بہنوئی جاوید بٹ دن دیہاڑے قتل

لاہور میں امیر بالاج ٹیپو قتل کے نامزد ملزم خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کو نامعلوم افراد نے دن دیہاڑے کینال روڈ پر قتل کر دیا۔

پولیس کے مطابق خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کے قتل کا واقعہ کینال روڈ پر ایف سی کالج انڈر پاس کے قریب اُس وقت پیش آیا جب وہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ بیٹی کو اسکول سے لینے گلبرگ جا رہے تھے۔

پولیس نے بتایاکہ حملہ آور موٹرسائیکل سوار تھے اور فائرنگ کر کے فرار ہو گئے، حملے میں جاوید بٹ کی اہلیہ زخمی ہوئیں، ان کو اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

7 ماہ قبل امیر بالاج ایک شادی کی تقریب میں مارے گئے تھے۔ خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ اور گوگی بٹ اس مقدمے میں نامزد ہیں۔ اس مقدمے کا مرکزی ملزم احسن شاہ گزشتہ دنوں ایک پولیس مقابلے میں مارا گیا تھا۔ 

فارنزک ٹیم کی طرف سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں، لاش پوسٹ مارٹم کیلئے ڈیڈ ہاؤس منتقل کر دی گئی۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کیلئے آپریشنز، انویسٹی گیشن اور آرگنائزڈ یونٹ کی تین ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

 پولیس کے مطابق مقتول جاوید بٹ، طیفی بٹ کے مقدمات کی پیروی کرتے تھے۔

مزید خبریں :