03 ستمبر ، 2024
بنگلا دیش نے پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میں بھی شکست دے کر سیریز میں 0-2 سے وائٹ واش مکمل کرلیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کو تاریخ میں دوسری مرتبہ اپنی زمین پر حریف کے ہاتھوں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا ہے، بنگلا دیش نے راولپنڈی میں ہونے والے دونوں میچز میں قومی ٹیم کو شکست دے کر سیریز میں 0-2 سے وائٹ واش کیا اور بنگلا دیش نے دونوں میچز باآسانی جیتے۔
یہ تاریخ میں دوسرا موقع ہے جب پاکستان اپنی ہی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز میں شکست ہوئی ہو ۔
حال ہی میں انگلینڈ نے پاکستان کو 0-3 سے شکست دے کر تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان کے ہوم گراؤنڈ پر وائٹ واش کیا تھا ۔
پاکستان ٹیم دو مرتبہ نیوٹرل وینیو پر بھی اپنی ہوم سیریز ہار چکا ہے ۔ 2002 میں آسٹریلیا نے سری لنکا اور متحدہ عرب امارات میں ہونے والی سیریز میں پاکستان کو شکست دی تھی اور 2017 میں سری لنکا نے پاکستان کو 0-2 سے یو اے ای میں ہرایا تھا۔
یہ پاکستان ٹیم کی مجموعی طور پر 17 ویں سیریز وائٹ واش شکست ہے۔ 13 سیریز میں پاکستان حریف کے ہوم گراؤنڈ پر ہارا ہے جس میں سے 7 سیریز میں وائٹ واش کا سامنا اسے آسٹریلوی سرزمین پر کرنا پڑا ۔
پاکستان ٹیم کو آسٹریلیا میں 1972، 1999، 2004، 2009، 2016 اور 2023 کی سیریز کے ہر ٹیسٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس کے علاوہ 2002، 2013 اور 2018 میں اسے جنوبی افریقا میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا۔
2016 اور 2020 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ میں وائٹ واش شکست ہوئی تھی جب کہ دونوں سیریزمیں پاکستان 0-2 کے مارجن سے ہارا تھا۔
2014 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو سری لنکا میں 0-2 سے وائٹ واش شکست ہوئی تھی۔