03 ستمبر ، 2024
پاکستان اسپورٹس بورڈ نے 44 مختلف کھیلوں کی فیڈریشنز کو مالی معاملات کی تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے تنیبہ کی ہے کہ تفصیلات جمع نہ کرانے والی فیڈریشنز کی فنڈنگ روکی جاسکتی ہے۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے جاری کردہ خط میں پاکستان اسپورٹس بورڈ نے تمام اسپورٹس فیڈریشنز سے مالی معاملات کی تفصیلات طلب کی ہیں، ان تفصیلات میں گزشتہ مالی سال کی آڈٹ رپورٹ اور بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات شامل ہیں۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ہدایات جاری کی ہیں کہ کھیلوں کی فیڈریشنز اپنے سالانہ آڈٹ شدہ اکاؤنٹس اور بینک اسٹیٹمنٹس 15 ستمبر 2024 تک جمع کرائیں۔ فیڈریشنز کو 30 جون 2024 کو ختم ہونے والے مالی سال کے مکمل آڈٹ شدہ مالیاتی گوشوارے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہیں جن کی تصدیق تسلیم شدہ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ فرم سے کرانا لازمی ہوگی۔
خط کے مطابق فیڈریشنز کو 01 جنوری 2023 سے 31 اگست 2024 تک کی مدت کے تمام بینک اکاؤنٹس کے تصدیق شدہ اسٹیٹمنٹس جمع کرانےکو بھی کہا گیا ہے۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ نے فیڈریشنز پر واضح کیا ہےکہ دستاویزات کی عدم فراہمی کی صورت میں فیڈریشنز کی مستقبل کی مالی معاونت روکی جاسکتی ہے۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کارروائی کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہےکہ فنڈز کا درست استعمال ہو اور اس کا فائدہ ان کھلاڑیوں کو پہنچے۔