Time 04 ستمبر ، 2024
کاروبار

حکومتی ادارے بجلی کمپنیوں کے ڈھائی کھرب سے زائد کے نادہندہ نکلے

حکومتی ادارے بجلی کمپنیوں کے ڈھائی کھرب سے زائد کے نادہندہ نکلے
حساسیت کے باعث ڈسکوز ان محکموں کے بجلی کنکشن منقطع نہیں کرتے: پاور ڈویژن/ فائل فوٹو

اسلام آباد: وزارت توانائی پاور ڈویژن کی جانب سے قومی اسمبلی میں جمع دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتی ادارے بجلی واجبات کے 2کھرب 56  ارب روپے نادہندہ ہیں۔ 

قومی اسمبلی میں جمع دستاویزات کے مطابق وفاقی حکومتی ادارے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے 47 ارب 81کروڑ کے نادہندہ ہیں جب کہ صوبائی حکومتوں کے ماتحت ادارے بجلی کی مد میں ایک کھرب 51کروڑ کے نادہندہ ہیں۔ 

دستاویز کے مطابق وفاقی حکومت لیسکو کی 6 ارب 67 کروڑ،گیپکو کی 2 ارب 82 کروڑ،  فیسکو کی ایک ارب 72 کروڑ، آئیسکو کی 14 ارب 13 کروڑ، میپکو کی 2 ارب 18 کروڑ، پیسکو کی 2 ارب 22 کروڑ، حیسکو کی 5 ارب 53 کروڑ، سیپکو کی 9 ارب 13 کروڑ، کیسکو کی 2 ارب 40 کروڑ اور ٹیسکو کی 96 کروڑ روپے کی نادہندہ ہے۔ 

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت 5 بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی 33 ارب 5 کروڑ، خیبر پختونخوا حکومت پیسکو اور ٹیسکو کی 26 ارب 25 کروڑ ، سندھ حکومت حیدرآباد اور سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی کی 54 ارب سے زائد جب کہ بلوچستان حکومت کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کی 38 ارب 29 کروڑ روپے کی نادہندہ ہے۔ 

دستاویز کے  مطابق آزاد جموں و کشمیر حکومت کے محکمے ڈسکوز کے 56 ارب 77کروڑ کے نادہندہ ہیں۔ 

پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ حساسیت کے باعث ڈسکوز ان محکموں کے بجلی کنکشن منقطع نہیں کرتے مگر ادائیگی نہ کرنے پر سرکاری محکموں کو کنکشن کاٹنے کے نوٹسز دیے جاتے ہیں۔


مزید خبریں :