Time 04 ستمبر ، 2024
پاکستان

کبھی سوچا نہیں تھا وزیراعظم سے ملاقات ہوگی، سیلاب میں پھنسے لوگوں کو بچانیوالے محب اللہ کی گفتگو

وزیراعظم شہباز شریف نے قلعہ عبداللہ میں سیلاب میں پھنسے لوگوں کو بچانے والے ایکسکویٹر ڈرائیور محب اللہ کو وزیراعظم ہاؤس بلا کر ملاقات کی۔

وزیرِاعظم  نے محب اللہ کا استقبال کیا اور ان کے انسانی جانیں بچانےکیلئے اپنی جان کی پراوہ نہ کرنے کے جذبےکی پزیرائی کی۔

شہباز شریف کا کہنا تھاکہ مجھ سمیت پوری قوم کو محب اللہ پر فخر ہے، محب اللہ کے انسانیت سے محبت کے جذ بے کی دل سے قدر کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ محب اللہ قوم کے ہیرو ہیں، آپ نے ہمت سے کام لے کر قیمتی انسانی جانیں بچائیں، مشکل حالات میں اپنی جان جوکھوں میں ڈال کر انسانی جانوں کو بچانا بہادری کا کام ہے، محب اللہ نے مصیبت میں گھرے لوگوں کو بچا کر قومی فریضہ ادا کیا۔

وزیرِاعظم نے محب اللہ کی بہادری کےاعتراف میں انہیں 25 لاکھ روپے کے انعام سے بھی نوازا۔ انہوں نے  محب اللہ کے بچوں کیلئے یونیورسٹی تک مفت تعلیم اور خاندان کیلئے صحت کی مفت سہولیات کا اعلان کیا۔

محب اللہ نے وزیرِاعظم سے گفتگو میں کہا کہ یہ اعزاز کی بات ہے میں ملک کے وزیرِاعظم سے ملاقات کررہا ہوں، کبھی سوچا نہ تھا کہ میری ملک کے وزیراعظم سے ملاقات ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کی جانیں بچاتے وقت قطعاً نہیں سوچا تھا یہ بات پورے ملک میں مشہور ہو جائے گی۔

مزید خبریں :