04 ستمبر ، 2024
پشاور میں بلدیاتی نمائندوں نے اختیارات اور فنڈز کی عدم فراہمی کے خلاف صوبائی اسمبلی کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کی ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش پر پولیس سے ہاتھا پائی بھی ہوئی۔
بلدیاتی نمائندوں نے اختیارات اور فنڈز کی عدم فراہمی کے خلاف صوبائی اسمبلی کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے خیبر روڈ کو ٹریفک کے لیے بلاک کردیا۔ ریڈ زون میں داخلے کی کوشش پر پولیس اور مظاہرین کی ہاتھا پائی ہوئی، پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا اور شیلنگ بھی کی ، پولیس نے دو افراد کو گرفتار بھی کیا۔
میئر پشاور زبیرعلی نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کے آج پرامن مظاہرین پر شیلنگ ہوئی جس کے نتیجے میں 25 بلدیاتی نمائندے احتجاج میں زخمی ہوئے، اسمبلی کے باہر بیٹھ کر مشترکہ لاحہ عمل بنائیں گے۔
صدر لوکل کونسل ایسوسی ایشن حمایت اللہ کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے پرامن مظاہرین پر آنسو گیس کا استعمال قابل مذمت ہے، وزیراعلیٰ کو چاہیے تھا کہ مظاہرین کے مطالبات سن لیتے اور اس کے لیے کمیٹی بنادیتے، مظاہرین پر شیلنگ مسئلے کا حل نہیں ہے، احتجاج بلدیاتی نمائندوں کا بنیادی حق ہے۔