05 ستمبر ، 2024
چاکلیٹی ہیرو کے لقب سے مشہور لیجنڈ اداکار وحید مراد کے بیٹے عادل مراد نے اپنے والد کی بائیوپک نہ بنانے کی وجہ بتادی۔
حال ہی میں دیے گئے انٹرویو میں عادل مراد نے اپنے والد وحید مراد کی زندگی پر گفتگو کی اور ان کے ساتھ جڑی یادوں کا تذکرہ کیا۔
میزبان نے عادل مراد سے سوال کیا کہ وہ کیوں والد کی بائیوپک نہیں بنانا چاہتے؟ اس پر عادل نے کہا کہ کسی نے ان کے کردار کو اسکرین پر پیش کرنا ہے، کیا ہم اسکرین پر کسی کو بھی وحید مراد کے طور پر قبول کر سکیں گے؟ یا وہ اسکرین پر خود کو وحید مراد کے طور پر پیش کر پائے گا؟
انہوں نے کہا کہ وحید مراد کی اپنی خاصیت، انداز، تاثرات، آنکھوں کی حرکت، اداکاری کی مہارت اور شخصیت تھی، ان کے انوکھے انداز نے انہیں ایک مشہور پاکستانی اداکار بنایا، جس نے اپنی پہچان بنائی، آپ ان کی نقل تو کروا سکتے ہیں لیکن آپ اسے ادا نہیں کرسکتے، میں نے وحید مراد کی بائیوپک کے بارے میں بات کرنے والے لوگوں سے کئی بار یہ بحث کی لیکن میرا سوال وہی ہے کہ ہمیں دوسرا وحید مراد یا زیبا کہاں سے ملے گی؟ یہ ناممکن ہے۔
عادل مراد کا کہنا تھا کہ ان کے اور ان کے خاندان کیلئے وحید مراد کا نام اور شہرت بائیوپک کے ذریعے کمائے جانے والے پیسوں سے کئی زیادہ اہم ہے۔
واضح رہے کہ لیجنڈ اداکار وحید مراد اداکار، ہدایتکار اور اسکرپٹ رائٹر تھے جنہوں نے 1961 میں شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا تھا، وحید مراد کی مشہور فلموں میں ارمان، ہیرا اور پتھر، دورہ، انجمن، دیور بھابھی، مستانہ ماہی اور عندلیب شامل ہیں۔