Time 05 ستمبر ، 2024
سائنس و ٹیکنالوجی

یوٹیوب کے نئے فیچر سے والدین اپنے بچوں کی سرگرمیوں کو ٹریک اور کنٹرول کرسکیں گے

یوٹیوب کے نئے فیچر سے والدین اپنے بچوں کی سرگرمیوں کو ٹریک اور کنٹرول کرسکیں گے
کمپنی کی جانب سے اس فیچر کا اعلان کیا گیا / اے ایف پی فوٹو

اگر آپ اس خیال سے پریشان رہتے ہیں کہ آپ کے بچے یوٹیوب پر کس طرح کا مواد دیکھتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ گوگل نے اس حوالے سے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے۔

یوٹیوب میں فیملی سینٹر کے نام سے ایک نیا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے جس سے والدین یا سرپرست یہ ٹریک کرسکیں گے کہ ان کے بچے اس ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم پر کیا دیکھ رہے ہیں۔

اس فیچر سے والدین اور بچوں کے اکاؤنٹس زیادہ آسانی سے لنک ہو جائیں گے۔

کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس فیچر کا مقصد پلیٹ فارم میں مواد تیار کرنے کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔

فیچر کو کیسے استعمال کریں؟

اس فیچر کو استعمال کرنا زیادہ مشکل نہیں اور اس کا طریقہ کار درج ذیل ہے۔

والدین یوٹیوب ایپ کی سیٹنگز میں جاکر فیملی سینٹر پیج پر جائیں۔

وہاں انوائیٹ اے ٹین (invite a teen) آپشن پر کلک کریں اور کیو آر کوڈ کے ذریعے اکاؤنٹس کو لنک کریں۔

اکاؤنٹس کو لنک کرنے کے بعد والدین اپنی بچوں کی تمام تر سرگرمیوں جیسے کمنٹس، سبسکرپشنز اور اپ لوڈز وغیرہ جیسی تمام تر تفصیلات دیکھنے کے قابل ہو جائیں گے۔

والدین اس وقت بھی ای میل نوٹیفکیشن بھیج سکیں گے جب بچوں کی جانب سے لائیو اسٹریمز شروع کی جائے گی یا یوٹیوب پر نئی ویڈیو پوسٹ کی جائے گی۔

لنک اکاؤنٹس فیچر والدین اور بچوں دونوں کو کنٹرول فراہم کرتا ہے اور اسے کسی بھی وقت ٹرن آف کیا جاسکتا ہے۔

کمپنی کے مطابق اس فیچر کو آئندہ چند دن میں دنیا بھر کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔

اس بات کا امکان ہے کہ آنے والے مہینوں میں فیملی سینٹر میں مزید فیچرز کا اضافہ کیا جائے گا۔

مزید خبریں :