Time 05 ستمبر ، 2024
کاروبار

سیمنٹ کی مقامی طلب میں گزشتہ ایک سال میں مسلسل کمی ریکارڈ

سیمنٹ کی مقامی طلب میں گزشتہ ایک سال میں مسلسل کمی ریکارڈ
فوٹو: فائل

پاکستان میں سیمنٹ کی مقامی طلب میں گزشتہ  12 ماہ سے مسلسل کمی کیا جارہی ہے۔

آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم اے) کے مطابق پاکستانی سیمنٹ سازوں نے اگست میں 33.66 لاکھ ٹن سیمنٹ فروخت کیا، اگست 2023 کے مقابلے  اگست 2024 میں سیمنٹ کی فروخت 25 فیصد کم ہوئی۔

اے پی سی ایم اے کے مطابق اگست میں سیمنٹ کی مقامی کھپت ساڑھے27 فیصدکم ہوکر ساڑھے27 لاکھ ٹن رہی جبکہ اگست میں سیمنٹ کی برآمد 16 فیصد کم ہوکر 6 لاکھ 13 ہزار ٹن رہی۔

ترجمان اے پی سی ایم اے کے مطابق سیمنٹ کی مقامی طلب 12 مہینوں سے مسلسل کم ہورہی ہے، سیمنٹ کی کھپت بھاری ٹیکسوں اور معاشی بے یقینی کا اثر لے رہی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بجٹ میں دیگر وفاقی اور صوبائی ٹیکسوں میں زبردست اضافےکے ساتھ سیمنٹ پر ایکسائز دوگنا کردیاگیا، کسی دوسرے کاروبار پر اتنے بڑے تناسب سے ٹیکس نہیں لگایا گیا ہے، حکومت ٹیکسوں پر نظرثانی کرے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ تعمیراتی سرگرمیاں کم ہونے سے سیمنٹ کی مقامی طلب مسلسل کم ہورہی ہے، رواں مالی سال کے پہلے دو مہینوں میں سیمنٹ 18 فیصد کم فروخت ہوا، جولائی اور اگست میں سیمنٹ کی کھپت 63.75 لاکھ ٹن رہی۔

اےپی سی ایم اے کے مطابق سیمنٹ کی مقامی طلب دو ماہ میں 20 فیصد کم ہوکر 52 لاکھ ٹن رہی، سیمنٹ کی برآمد دو مہینوں میں 1.6 فیصدکم ہوکر 11.6 لاکھ ٹن رہی۔

مزید خبریں :