05 ستمبر ، 2024
فیصل آباد تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحان میں بینائی سے محروم طالبعلم نے پوزیشن حاصل کرلی جبکہ ٹھیلہ لگا کر گھر چلانے والے محنت کش کی ہونہار طالبہ نے پری انجینئرنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے اپنے والد کی محنت کو چار چاند لگا دیے ۔
تعلیمی بورڈ فیصل آباد کے زیر انتظام انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات میں پہلی تینوں پوزیشن طالبات نے حاصل کیں مگر خود بینائی سے محروم جھنگ کے رہائشی طالبعلم حسیب عباس تقریب میں شرکاء کی نگاہوں کا مرکز بنے رہے ۔
حسیب عباس نے 1062 نمبر لے کر ہیومینٹی گروپ میں تیسری پوزیشن حاصل کر کے اپنی کامیابی کو والدین اور اساتذہ کے نام کیا۔
دوسری جانب ٹھیلہ لگا کر گھر چلانے والے جڑانوالہ کے رہائشی محنت کش طاہر ندیم کی ہونہار بیٹی سعدیہ بتول نے 1144 نمبر لے کر پری انجینئرنگ گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے اپنے غریب والدین کا سر فخر سے بلند کردیا۔
اس کے علاوہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نجی کالج کی طالبہ میمونہ کوثر نے 1155 نمبر لے کر مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔
فیصل آباد تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام امتحانات میں حصہ لینے والے ایک لاکھ سے زائد امیدواروں میں سے 74 ہزار 154 کامیاب ہوئےاور کامیابی کا تناسب 81۔71 فیصد رہا ۔