فیکٹ چیک: وائرل ویڈیو میں ڈانس کرتی خاتون کو خواجہ آصف کی بیٹی ظاہر کرنے کا جھوٹا دعویٰ

ریورس امیج سرچ سے معلوم ہوا کہ یہ ویڈیو پہلی مرتبہ 5 اپریل 2023 کو ”ورشا راؤ“ نامی ایک انسٹاگرام صارف نے پوسٹ کی تھی۔

سوشل میڈیا صارفین ایک ویڈیو کلپ شیئر کر رہے ہیں جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف کی بیٹی ایک کلب میں نشے کی حالت میں رقص کرتی نظر آ رہی ہے۔

یہ دعویٰ بے بنیاد ہے۔ ویڈیو میں نظر آنے والی خاتون کا وزیر دفاع سے کوئی تعلق نہیں۔

دعویٰ

"یکم ستمبر کو سوشل میڈیا صارف نے X (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے کیپشن میں یہ دعویٰ کیا کہ ”خواجہ آصف کی بیٹی شراب پی کے ڈانس کلب میں ڈانس کر رہی ہے، منظرِعام پہ لانا ہمارا کام، ریٹویٹ کرنا آپ کا کام۔“

اس نیوز آرٹیکل کے شائع ہونے تک اس پوسٹ کو 2700 مرتبہ شیئر اور 4300 بار لائک کیا گیا، جبکہ اس ویڈیو کو اب تک1 لاکھ 62 ہزار سے زائد دفعہ دیکھا جا چکا ہے۔

فیکٹ چیک: وائرل ویڈیو میں ڈانس کرتی خاتون کو خواجہ آصف کی بیٹی ظاہر کرنے کا جھوٹا دعویٰ

اسی طرح کے دعوے فیس بک پر بھی شیئر کئے گئے۔

حقیقت

ایک آزادانہ تحقیق اور وزیر دفاع خواجہ آصف کے اہل خانہ کی جانب سے کی جانے والی تصدیق کے مطابق وائرل ویڈیو میں نظر آنے والی خاتون خواجہ آصف کی بیٹی نہیں ہے۔

وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور خواجہ آصف کی بھانجی شزیٰ فاطمہ خواجہ نے جیو فیکٹ چیک کو اس بات کی تصدیق کی کہ ویڈیو میں موجود خاتون خواجہ آصف کی بیٹی نہیں ہے۔ انہوں نے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ”نہیں، یہ وہ نہیں ہے۔“

اس کے علاوہ، جیو فیکٹ چیک کو تحقیق کے دوران معلوم ہوا کہ اس ویڈیو کو پہلی مرتبہ ”ورشا راؤ“ نامی ایک انسٹاگرام صارف نے 5 اپریل 2023 کو اپنے اکاؤنٹ پر اپلوڈ کیا تھا۔

ہمیں X (ٹوئٹر) @GeoFactCheck اور انسٹا گرام@geo_factcheck پر فالو کریں۔ 

اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔