07 ستمبر ، 2024
1965 کی جنگ میں 7ستمبر کو لڑے جانے والے فضائی معرکے کی یاد میں یوم فضائیہ آج منایا جا رہا ہے۔
7 ستمبر 1965 کے دن پاک فضائیہ کے شاہینوں نے جرات، بہادری کی تاریخ رقم کی، پاک فضائیہ کے جوانوں نے بہادری سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا جس پر قوم فخر کرتی ہے۔
اسی دن کی مناسبت سے ملک بھر میں آج یوم فضائیہ مناتے ہوئے پاک فضائیہ کے شہید پائلٹ آفیسر راشد منہاس کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
ائیر وائس مارشل عامر شہزاد نے شہید راشد منہاس کی قبر پر پھول رکھے، فاتحہ خوانی کی جب کہ پی اے ایف کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فضائیہ کی لازوال قربانیوں اور پیشہ ورانہ مہارت کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ راشد منہاس شہید نے جرأت، شجاعت، بہادری کی داستان رقم کی، ایم ایم عالم نے ایک منٹ میں 5 بھارتی طیارے تباہ کر کے ریکارڈ بنایا، پاک فضائیہ کے شاہینوں کو سلام پیش کرتے ہیں، پاک فضائیہ کے شاہینوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرات و بہادری پر قوم فخر کرتی ہے۔