Time 08 ستمبر ، 2024
پاکستان

پی ٹی آئی کا جلسہ، اسلام آباد کے داخلی راستے کنٹینرز رکھ کر بند کر دیے گئے

پی ٹی آئی کا  جلسہ، اسلام آباد کے داخلی راستے کنٹینرز رکھ کر بند کر دیے گئے
سنگجانی کے مقام پر کنٹینرز رکھ کر جی ٹی روڈ کو دونوں اطراف سے ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے، موٹر وے 26 نمبر چونگی پر اسلام آباد کے داخلی راستے بند کر دیے گئے/ فوٹو: فائل

اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے جلسے کی وجہ سے سنگجانی کے مقام پر کنٹینر رکھ کر جی ٹی روڈ کو دونوں اطراف سے ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔

اسلام آباد کے علاقے سنگجانی میں پی ٹی آئی آج جلسہ کرے گی ، پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ جلسے سے پہلے جلسہ شروع ہوچکا ، ان کے اتحادی بھی جلسے میں شریک ہوں گے۔

پی ٹی آئی کے جلسے کے باعث اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر ضلع بھر  میں سکیورٹی ریڈ الرٹ کر دی گئی، امن وعامہ کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے مختلف مقامات پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے اور اسلام آباد میں ریڈ زون کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو کنٹینرز کی مدد سے بند کر دیا گیا۔ 

جلسے سے قبل سنگجانی کے مقام پر کنٹینرز رکھ کر جی ٹی روڈ کو دونوں اطراف سے ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا جبکہ موٹر وے 26 نمبر چونگی پر اسلام آباد کے داخلی راستے بند کر دیے گئے۔

اس کے علاوہ ایکسپریس وے کھنہ پل کے مقام پر کنٹینر لگا دیےگئے جبکہ مری روڈکو فیض آباد کے مقام پر کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا۔ 

دوسری جانب روات ٹی چوک سے راولپنڈی آنے والے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بندکر دیا گیا  جبکہ فیض آباد انٹرچینج کو مکمل طور پر سیل  کردیا گیا اور  راول پنڈی سے اسلام آباد جانے والے متعدد راستے بند کر دیے گئے ہیں۔ 

حکام کی جانب سے میٹرو بس سروس مکمل کو بھی طور پر بند رکھا گیا ہے جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے جب کہ امنِ عامہ برقرار رکھنے کے لیے اسلام آباد انتظامیہ کی ہدایت پر ضلع بھر میں سکیورٹی ریڈ الرٹ ہے۔ 

کون سے راستے کھلے ہیں؟

ضلعی انتظامیہ کے مطابق راول پنڈی اسلام آباد کو ملانے والے متبادل راستے کھلے ہیں، شہریوں کو نائنتھ ایونیو کا راستہ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، پیرودھائی سے گولڑہ موڑ اسلام آباد کا راستہ بھی کھلا ہے جب کہ ریڈ زون داخلے کے لیے متعلقہ افراد کو مارگلہ روڈ کے راستے سے جانےکی اجازت ہوگی۔

ادھر  خیبر پختونخوا اور پنجاب کے باڈر اٹک خورد پولیس چیک پوسٹ پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے جس کے بعد وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر بیرسٹر سیف نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ حکومت جلسے سے پہلے این او سی منسوخ کرنے کی کوشش کرے گی،  ہمیں خدشہ ہے کہ انتظامیہ جلسے کی راہ میں رکاوٹ ڈالے گی مگر این او سی منسوخ ہوا بھی تو جلسہ ہوگا۔

مزید خبریں :