Time 08 ستمبر ، 2024
دنیا

غزہ میں اسرائیلی حملوں کو 11 ماہ مکمل، شہید فلسطینیوں کی تعداد 41 ہزار سے تجاوز کرگئی

غزہ میں اسرائیلی حملوں کو 11 ماہ مکمل، شہید فلسطینیوں کی تعداد 41 ہزار سے تجاوز کرگئی
 غزہ میں اسرائیلی حملوں کو 11 ماہ ہوگئے، جنگ کے نتیجے میں اسرائیلی فوج اب تک41 ہزار فلسطینیوں کو شہیدکر چکی ہے/ فائل فوٹو

غزہ سمیت دیگر مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی جارحیت کو 11 ماہ مکمل ہو چکے مگر امریکا اور اقوام متحدہ سمیت تمام بین الاقوامی قوتیں صیہونی ریاست کو  حملے روکنے پر مجبور نہ کر سکیں۔

 غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ میں اسرائیلی حملوں کو 11 ماہ ہوگئے، جنگ کے نتیجے میں اسرائیلی فوج اب تک 41  ہزار فلسطینیوں کو شہید اور ایک لاکھ کے قریب فلسطینیوں کو زخمی کر چکی ہے، اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 90 فیصد سے زیادہ فلسطینی بے گھر ہو چکے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے غزہ میں کارروائی کرتے ہوئے حماس کے مزید 2 کمانڈر شہید کردیے۔

اس کے علاوہ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں فائر بریگیڈ کے عملے پر ڈرون حملہ کرکے 2 اہلکار شہید اور 3 شدید زخمی کردیا جبکہ لبنان سے حزب اللہ نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے شمالی اسرائیل میں 2 ڈرون حملے کیے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا سمیت تمام طاقتور ممالک اور عالمی ادارے 11 ماہ بعد بھی غزہ میں اسرائیلی حملے رُکوانے میں ناکام ہیں۔

اسی حوالے سے امریکی انٹیلی جنس ایجنسی سی آئی اے کے سربراہ ولیم برنس کا کہنا ہے کہ غزہ جنگ بندی کی مزید جامع تجاویز کچھ دنوں میں پیش کریں گے۔

دوسری جانب  یرغمالیوں کے اہلخانہ کی جانب سے اسرائیل کے دارالحکومت  تل ابیب میں نیتن یاہو کے خلاف نئے مظاہروں کا اعلان  کر دیا  گیا ہے۔

مزید خبریں :