Time 08 ستمبر ، 2024
سائنس و ٹیکنالوجی

آئی فونز 16 سیریز کے چاروں ماڈلز کی قیمتیں کیا ہوں گی؟

آئی فونز 16 سیریز کے چاروں ماڈلز کی قیمتیں کیا ہوں گی؟
نئے آئی فونز 9 ستمبر کو متعارف کرائے جا رہے ہیں / اسکرین شاٹ

ایپل کے آئی فون 16 سیریز کے ماڈلز 9 ستمبر کو متعارف کرائے جا رہے ہیں۔

آئی فون 16، 16 پلس، 16 پرو اور 16 پرو میکس اس کمپنی کے اولین اسمارٹ فونز ہیں جو جنریٹیو آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ماڈل ایپل انٹیلی جنس پر مبنی ہوں گے۔

ان ڈیوائسز کے بارے میں لیکس مہینوں سے سامنے آرہی ہیں اور بظاہر کچھ بھی ایسا نہیں جس سے یہ کمپنی صارفین کو چونکا سکے۔

مگر ان فونز کی قیمت کیا ہوسکتی ہے؟ یہ وہ سوال ہے جو صارفین کے ذہنوں میں کافی عرصے سے موجود ہے۔

اب ایک نئی لیک میں آئی فون 16 سیریز کی قیمتوں کے بارے میں بتایا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس سیریز کے انٹری ماڈل آئی فون 16 کی قیمت 799 ڈالرز سے شروع ہوگی اور آئی فون 16 پلس کی قیمت 899 ڈالرز سے شروع ہوگی۔

آئی فون 15 اور 15 پلس کی قیمتیں بھی یہی تھیں۔

مگر آئی فون 16 پرو کی قیمت گزشتہ سال کے ماڈل کے مقابلے میں زیادہ ہوسکتی ہے۔

آئی فون 15 پرو کی قیمت 999 ڈالرز سے شروع ہوئی تھی مگر آئی فون 16 پرو کی قیمت 1099 ڈالرز سے شروع ہونے کا امکان ہے۔

البتہ آئی فون 16 پرو میکس کی قیمت گزشتہ سال کے ماڈل جتنی ہی ہوگی یعنی 1199 ڈالرز۔

خیال رہے کہ ایپل کی جانب سے 9 ستمبر کو متعارف کرائے جانے کے بعد 20 ستمبر کو یہ نئے آئی فونز صارفین کو دستیاب ہوں گے۔

مزید خبریں :