Time 09 ستمبر ، 2024
دنیا

ایشیا کا طاقتور سمندری طوفان یاگی ویتنام پہنچنے کے بعد کمزور پڑ گیا

ایشیا کا طاقتور سمندری طوفان یاگی ویتنام پہنچنے کے بعد کمزور پڑ گیا
فوٹو: ویتنام نیٹ

ایشیا میں رواں سال کا سب سے طاقتور سمندری طوفان یاگی ویتنام پہنچنے کے بعد کمزور پڑ گیا۔

ویتنام میں سمندری طوفان سے مختلف حادثات کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 21 ہوگئی جبکہ 229 افراد زخمی ہوئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اتوار کے روز ویتنام سے ٹکرانے کے بعد سمندری طوفان یاگی نے شمالی ویتنام میں ایکسپورٹ اوریئنٹڈ فیکٹریوں اور انڈسٹری انفرااسٹرکچر کو بھی شدید متاثر کیا تھا۔

ویتنام کے ڈیپ سی انڈسٹریز زون کے سربراہ برونو جیسپائرٹ کا کہنا تھا کہ سمندری طوفان سے ساحلی شہر میں موجود صنعتی یونٹس کو شدید نقصان پہنچا ہے، کئی فیکٹریوں کی چھتیں اڑ گئی جبکہ یا عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے، طوفان سے 150 کے قریب سرمایہ کاروں کے پلانٹس متاثر ہوئے ہیں۔

سمندری طوفان کے باعث ویتنام کے دارالحکومت میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی تھی جبکہ بجلی اور مواصلاتی نظام درہم برہم ہونے سے ہزاروں افراد متاثر ہوگئے تھے۔

ویتنام سے ٹکرانے کے بعد طوفان کی شدت میں کمی ہوگئی ہے تاہم سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ برقرار ہے۔

اس سے پہلے سمندری طوفان یاگی سے چین میں 4 اور فلپائن میں 20 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

مزید خبریں :