09 ستمبر ، 2024
کہتے ہیں ازدواجی زندگی کے دوران میاں بیوی کی ایک دوسرے سے محبت بھی بے مثال ہوتی ہے جس کی ایک مثال برطانیہ کے کیئر ہوم میں مقیم این بیومونٹ اور فرینک کی ہے۔
برطانوی جوڑے نے شادی کے بعد ناصرف ایک ساتھ 68 بہاریں دیکھیں بلکہ دونوں اس دنیا سے رخصت بھی ایک ہی روز ہوئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 89 سالہ این بیومونٹ اپنے شوہر فرینک کے ساتھ کیئر ہوم میں رہائش پذیر تھیں، رواں برس 19 اگست کو این بیومونٹ غیر متوقع طور پر انتقال کر گئیں جس کے کچھ ہی گھنٹوں بعد ان کے شوہر فرینک بھی دنیا سے چل بسے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ فرینک کی عمر 91 سال تھی اور وہ ڈیمینشیا کا شکار تھے، برطانوی جوڑے نے اپنے آخری لمحات ویسٹ یارکشائر کے قریب واقع کیئر ہوم میں گزارے جہاں دونوں ایک دوسرے سے بے انتہا محبت کے سبب مشہور تھے۔
این بیومونٹ اور فرینک کے بیٹے نے والدین کو ایک ساتھ کھو دینے سے متعلق افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمارے لیے یہ ایسا ہی ہے جیسے ان دونوں نے اس کی منصوبہ بندی کی ہو ‘۔
جوڑے کے بیٹے نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ ’ہمارے والدین کی شادی کو 68 سال کا عرصہ گزر چکا تھا، دونوں ایک دوسرے سے بے حد محبت کرتے تھے، انہوں نے زندگی میں 99 فیصد کام ایک ساتھ کیے، پھر چاہے وہ میرے والد کا فٹبال گیم ہو جس میں والدہ ان کی سپورٹ بنی رہیں یا پھر والدہ کا سوشل ورک جس میں والد نے ان کا بھرپور ساتھ دیا‘۔
بیٹے کا کہنا تھا میرے والد تقریباً ایک سال سے کیئر ہوم میں تھے جبکہ والدہ انتقال سے 4 ماہ قبل کیئر ہوم میں منتقل ہوئی تھیں کیونکہ والد کے کیئر ہوم منتقل ہونے کے بعد والدہ ان کو بے حد یاد کرنے لگی تھیں، والد سے قبل والدہ کی موت ہمارے لیے ایک بہت بڑا صدمہ تھی اور ہمیں یقین ہے کہ والد بھی والدہ کی موت کی خبر ملنے کے بعد ٹوٹ گئے ہوں گے اور ان کے انتقال کے 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں والد بھی ہمیں چھوڑ کر چلے گئے۔