09 ستمبر ، 2024
ایسوسی ایشن آف الیکڑانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز (ایمنڈ) نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے صحافیوں سے متعلق نازبیا الفاظ اور دھمکیوں کی مذمت کی ہے۔
ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز نے وزیراعلیٰ خیبر پختو نخوا علی امین گنڈا پور کی جانب سے صحافیوں سے متعلق نازییاز الفاظ کے استعمال اور دھمکیوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے ، ایمنڈ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختو نخوا علی امین گنڈا پور نے جلسے میں صحافیوں سے متعلق انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور نامناسب گفتگو کی ان پر سنگین الزامات عائد کیے اور دھمکیاں دیں جو ناقابل برداشت ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں صحافی انتہائی نامساعد حالات میں اپنے فرائض ادا کر رہے ہیں، تمام تر دباؤ اور پابندیوں کے باوجود اپنا فرض ادا کرنے والے صحافیوں کے خلاف اس قسم کی زبان استعمال کرنے پر تحریک انصاف کو علی امین سے باز پرس کرنی چاہیے اور علی امین کو ان نامناسب الفاظ کی ادائیگی پر صحافی برادری سے معافی مانگنی چاہیے۔
ایمنڈ نے جلسے کی کوریج کرنے والے بعض چینل کے صحافیوں کو سیاسی کارکنوں کی جانب سے ہراساں کرنے اور انہیں اپنے فرائض کی ادائیگی سے روکنے کے واقعات کی مذمت کی اور کہا کہ سیاسی قیادت کے غیر ذمے دارانہ بیانات سیاسی جماعتوں کے کارکنان کو اشتعال دلانے کا سبب بنتے ہیں جس سے میڈیا ورکرز کی جان و مال کو خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔
ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز نے وزیراعلیٰ خیبر پختو نخوا علی امین گنڈا پور کی جانب سے صحافیوں سے متعلق نازییاز الفاظ کے استعمال اور دھمکیوں پر ان معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے سنگ جانی کے جلسے میں اختلاف رکھنے والے صحافیوں کو کھلی دھمکیاں دیں اور خاتون صحافیوں کیلئے بھی غلیظ زبان استعمال کی۔