Time 09 ستمبر ، 2024
کھیل

پی ایف ایف کو ساف انڈر 17 ایونٹ کیلئے این او سی کے حصول میں مشکلات کا سامنا

پی ایف ایف کو ساف انڈر 17 ایونٹ کیلئے این او سی کے حصول میں مشکلات کا سامنا
پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ساف انڈر 17 چیمپئن شپ کے لیے این او سی جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے —فوٹو: فائل

پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کو ایک بار پھر پاکستان اسپورٹس بورڈ سے این او سی کے حصول میں مسائل کا سامنا ہے۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ( پی ایس بی) نے ساف انڈر 17 چیمپئن شپ کے لیے این او سی جاری کرنے سے انکار کرتے ہوئے پی ایف ایف کو ہدایت کی ہے کہ وہ مکمل دستاویزات کے ساتھ دوبارہ درخواست جمع کرائیں۔

ذرائع کے مطابق پی ایف ایف نے 22 اگست کو پاکستان اسپورٹس بورڈ کو خط لکھ کر این او سی کے لیے درخواست کی تھی۔

تاہم پی ایس بی نے 6 ستمبر کو ای میل کے ذریعے پی ایف ایف کو مطلع کیا کہ درخواست طے شدہ ٹائم فریم سے تاخیر سے موصول ہوئی ہے اور نامکمل ہے۔ 

پی ایس بی کے مطابق پی ایف ایف نے این او سی کی درخواست ہدایات کے برعکس تاخیر سے جمع کرائی جبکہ درخواست میں شامل دستاویزات پر چیئرمین پی ایف ایف کے دستخط نہیں تھے، جو کہ قانون کے مطابق ضروری ہیں۔

پی ایس بی نے اپنی ای میل میں واضح کیا کہ صرف چیئرمین نارملائزیشن کمیٹی کے دستخط کو ہی تسلیم کیا جائے گا۔ 

ذرائع کے مطابق پی ایس بی نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کو کہا ہے کہ وہ دوبارہ مکمل دستاویزات جمع کرائیں۔

یاد رہے کہ ساف انڈر 17 فٹبال چیمپئن شپ 20 ستمبر سے بھوٹان میں کھیلی جانی ہے، اور اس ایونٹ کی تیاری کے لیے پاکستان انڈر 17 فٹبال ٹیم کا کیمپ ایبٹ آباد میں جاری ہے۔

مزید خبریں :