10 ستمبر ، 2024
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما زین قریشی نے کہا ہے کہ کل حکومت کی جانب سے اسمبلی میں جوڈیشل پیکج پیش کیے جانے کا امکان ہے، اطلاعات ہیں کہ حکومت کے نمبر پورے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم گرفتاریوں سے نہیں ڈرتے بلکہ حکمت عملی کے تحت پارلیمینٹ میں موجود ہیں۔
زین قریشی کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ سے نکلتے وقت ہمارے متعدد ارکان کو یرغمال بنایا گیا، انہوں نے پارلیمنٹ کے گیٹ بند کردیے کسی کو اندر نہیں آنے دیا جا رہا تھا۔
واضح رہے کہ اہم قانون سازی کیلئے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف متحرک ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے اراکین پارلیمنٹ کو آج رات کے کھانے پر بُلا لیا ہے،جمعیت علمائے اسلام کو شرکت کی خصوصی دعوت دی گئی ہے۔
صدر زرداری کی دعوت پر پیپلز پارٹی اراکین قومی اسمبلی اور سینیٹرز آج رات ایوان صدر میں جمع ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر اور وزیراعظم معاشی صورت حال اور مجوزہ قانون سازی پر شرکا کو اعتماد میں لیں گے،حکومت ججز کی ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھانے اور اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی تعداد بڑھانے سمیت ایک آئینی پیکج لانا چاہتی ہے۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ حکومتی اتحاد قومی اسمبلی میں دو تہائی اکثریت حاصل کرنے کے قریب پہنچ گیا، جے یو آئی کی حمایت حاصل ہوئی تو حکومت کو مزید تین ووٹ درکار ہوں گے۔سینیٹ میں حکومت کو مطلوبہ 64 ووٹ ملنے کی قومی امید ہے۔