Time 10 ستمبر ، 2024
پاکستان

پی ٹی آئی ارکان کی گرفتاری کا معاملہ، اسپیکر قومی اسمبلی نے تحقیقاتی کمیٹی بنادی

پی ٹی آئی ارکان کی گرفتاری کا معاملہ، اسپیکر قومی اسمبلی نے تحقیقاتی کمیٹی بنادی
  تحقیقاتی کمیٹی 48 گھنٹے میں رپورٹ پیش کرےگی،فوٹو: فائل

اسلام آباد: پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے سے پی ٹی آئی ارکان کی گرفتاری کے معاملے کی تحقیقات کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کمیٹی بنادی۔

ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے سارجنٹ ایٹ آرمز کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی بنائی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  تحقیقاتی کمیٹی 48 گھنٹے میں رپورٹ پیش کرےگی، کمیٹی پارلیمنٹ ہاؤس کےسی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی دیکھےگی، موقع پر موجود گواہان کے بیانات بھی لیے  جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق  کمیٹی کی سفارشات  پر کسی بھی ملوث  فرد کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔

یاد رہے گزشتہ رات پی ٹی آئی کے کچھ ممبران اسمبلی کو پارلیمنٹ بلڈنگ کے اندر سے گرفتار کیا گیا تھا جس پر تحریک انصاف نے آج قومی اسمبلی میں شدید احتجاج کیا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اراکین پارلیمنٹ نے گزشتہ رات کے واقعے پر بات کی جس پر ایاز صادق نے کہا کہ کل رات پارلیمنٹ میں جو ہوا اس پر ایکشن لیں گے۔

ایاز صادق نے کہا کہ اس پر ہر صورت اسٹینڈ لینا پڑے گا، نہ صرف سارے دروازوں کی بلکہ ہر جگہ کی ویڈیوز مانگی ہیں تاکہ جس پر ذمہ داری ڈالنا ہے ہم ڈالیں۔

اسپیکر کا کہنا تھا کہ اپنے آپ کو بدقسمت سمجھتا ہوں کہ 2014 میں ایک جماعت اور ان کے 'کزن' نے پارلیمنٹ پر حملہ کیا تو اس کرسی پر تھا، اس لحاظ سے بدقسمت ہوں وہ پہلا حملہ تھا، دوسرا حملہ مولانا صلاح الدین ایوب کے کمرے پر چھاپہ پڑا، وہ بھی ہماری بدقسمتی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کل وہ جس طرح آئے ہیں اس پر ایکشن لیں گے اس پر خاموش نہیں رہیں گے، 2014 میں، میں نے خود مقدمہ درج کرایا تھا، آج بھی ایف آئی آر کٹوانا پڑی تو جن لوگوں نے یہ کیا ان پر ایف آئی آر کٹواؤں گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ہم اس پر خاموش نہیں رہیں گے ، ہم اسے سنجیدگی سے لیں گے۔

 اسپیکر قومی اسمبلی نے آئی جی اسلام آباد، ڈی آئی جی آپریشنز اور ایس ایس پی آپریشنز کو بھی طلب کیا تھا۔

مزید خبریں :